آٹھ ستمبر یوم بحریہ،ہمارے غازیوں اور شہدا ء کے کارناموں اور کامیابیوں کی یاد دلاتا ہے، ایڈمرل ظفر محمود عباسی

اسلام آباد ۔ 7 ستمبر (اے پی پی) امیر البحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا ہے کہ 8ستمبر، یوم بحریہ، ہمارے بحری ہیروزکی قربانیوں اور جذبے کو سراہنے کے لیے منایا جاتا ہے جنہوں نے 1965 کی جنگ کے دوران حوصلے، ہمت اور بہادری کا مظاہرہ کیا، یہ دن ہمارے غازیوں اور شہدا ء کے کارناموں اور کامیابیوں کی یاد دلاتا ہے جو بہادری سے لڑے اور اللہ سبحانہ …

اسلام آباد ۔ 7 ستمبر (اے پی پی) امیر البحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا ہے کہ 8ستمبر، یوم بحریہ، ہمارے بحری ہیروزکی قربانیوں اور جذبے کو سراہنے کے لیے منایا جاتا ہے جنہوں نے 1965 کی جنگ کے دوران حوصلے، ہمت اور بہادری کا مظاہرہ کیا، یہ دن ہمارے غازیوں اور شہدا ء کے کارناموں اور کامیابیوں کی یاد دلاتا ہے جو بہادری سے لڑے اور اللہ سبحانہ وتعالی پر اپنے مکمل اعتماد اورخود پرعمیق یقین کی بدولت ایک بڑے مخالف کو نیچا دکھانے میں کامیاب ہوئے، یہ دن ہماری بحری تاریخ میں ایک سنہری باب کی حیثیت رکھتا ہے جو ہماری نئی نسل میں امید اور افتخارکو جلا بخشتا ہے۔ یوم بحر 2020کے حوالے سے اپنے پیغام میں امیرالبحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ 7اور 8ستمبر 1965 کی درمیانی شب پاکستان نیوی کے سات بحری جہازوں پر مشتمل بیڑے نے آپریشن ‘سومنات’میں ہندوستانی بندرگاہ دوارکا پر بمباری کی۔ اس برق رفتار اور درست کاروائی نے نہ صرف اہم ساحلی تنصیبات کو تباہ کردیا جس میں انڈین ایئرفورس کے لڑاکا طیاروں کو کراچی پرحملے کی رہنمائی کرنے والے ہندوستانی ریڈار اسٹیشن اور ریڈیو بیکن شامل تھے بلکہ ہندوستانی غرور کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔ پاک بحریہ کی واحد سب میرین غازی پوری جنگ کے دوران سمندر میں اپنی برتر ی برقرار رکھتے ہوئے دشمن کے لیے ناقابل شکست رہی۔ ہندوستانی بندرگاہ کے گردو نواح میں سب میرین غازی کی موجودگی نے، ہندوستانی بحری جہازوں بشمول طیارہ بردار بحری جہازکو بندرگاہ میں محصور رکھا اور بھارتی بحری بیڑے کو جنگ کے دوران غیر موثر رہنے پہ مجبور کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان نیوی خطے میں ایک مضبوط بحری قوت کے طور پر پہچانی جاتی ہے۔ پاک بحریہ خطے میں بحری سلامتی کے مشترکہ اقدام میں بین الاقوامی بحری اشتراک کا ایک اہم حصہ ہے۔ پاک بحریہ نے انفرادی طور پر محفوظ سمندری ماحول کے حصول کے لیے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول (آر ایم ایس پی) کا آغاز کیا۔ چین اقتصادی راہداری پروجیکٹ کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئیپاکستان نیوی اہم قومی اہمیت کے حامل اس منصوبے کی کامیابی میں اپنی بڑھتی ہوئی ذمیداریوں میں اہم کردار نبھانے کے لیے تیار ہے۔سی پیک منصوبے کی سیکیورٹی کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے پاک بحریہ گوادر کی بندرگاہ اور اس کے نواحی علاقوں کی سیکیورٹی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔اس امر میں پاک بحریہ ملک کے بحری سرحدوں کی حفاظت کے لیے تیار اور چوکس ہے۔ انہوں نے کہا کہ پا کستان نیوی حکومت کی سمندری شعبے پر توجہ مرکوز ہونے اور 2020 کو ‘بلیو اکانومی کا سال’ قرار دینے کے فیصلے کے عین مطابق پاکستان کی بلیو اکانومی کو فروغ دینے کے لئے مختلف اقدامات اٹھانے میں ہراول کردار ادا کر رہی ہے۔ پاکستان نیوی چینی جیولوجیکل سروے (سی جی ایس)سمندری اور سائنسی تحقیق میں نمایاں چینی تنظیم کے ساتھ تعاون، پاکستان کے خصوصی اقتصادی زون کے اندر سمندری ہائیڈرو کاربن کے وسائل کی نقشہ بندی اور ان کی تلاش کے لئے مکمل اور منظم ارضیاتی تحقیقات میں مدد فراہم کر رہی ہے۔ سی جی ایس جہازوں کے ذریعے اب تک دو ریسرچ سروے کرائے جاچکے ہیں اوران کے ابتدائی نتائج امید افزائ ہیں،اس سے ہائیڈرو کاربن ذخائر سے وابستہ مختلف ارضیاتی خصوصیات کی موجودگی کا اشارہ ملتا ہے۔ سال 2021 میں پاک بحریہ سی جی ایس کے ساتھ تیسری مشترکہ مہم کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔ ملکی سمندری دفاع کی ذمے داریوں کے ساتھ ساتھ پاکستان نیوی میری ٹائم سیکٹر اور بلیواکانومی کے فوائد ملک و قوم تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم بحریہ کے موقع پر پاک بحریہ کے تمام افسران اور جوان اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور جموں اور کشمیر پر بھارتی غیر قانونی قبضے کی مذمت کرتے ہیں۔ پاکستان، کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل تک کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کی حمایت جاری رکھے گا۔آج پاک بحریہ کے افسران، مرد و خواتین، مادر وطن کے دفاع کے لیے، آخری شخص اور خون کے آخری قطرے تک کسی بھی مشکل کا سامنا کرنے کے لئے ثابت قدم رہنے اوراپنے عزم اور عہد کی تجدید کرتے ہیں۔اللہ سبحانہ وتعالی ہماری رہنمائی اور حفاظت کرنے والا ہو (آمین)پاکستان نیوی زندہ باد پاکستان پائندہ باد۔