کراچی پیکج شہر کی حالت زار کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی سنجیدہ کوشش ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی گورنر سندھ سے گفتگو

کراچی۔9 ستمبر(اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حالیہ غیر معمولی بارشوں نے صوبہ کے مختلف علاقوں کے انفرااسٹرکچر ، معاشی ، اقتصادی ، سماجی اور کاروباری سرگرمیوں کو متاثر کیا ہے۔ حکومت عوام کی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے ، معاشی شہ رگ کراچی کی ترقی کے لئے وزیراعظم عمران خان کا کراچی پیکج ماضی کے برعکس اہم ثابت ہوگا، یہ شہر کی حالت …

کراچی۔9 ستمبر(اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حالیہ غیر معمولی بارشوں نے صوبہ کے مختلف علاقوں کے انفرااسٹرکچر ، معاشی ، اقتصادی ، سماجی اور کاروباری سرگرمیوں کو متاثر کیا ہے۔ حکومت عوام کی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے ، معاشی شہ رگ کراچی کی ترقی کے لئے وزیراعظم عمران خان کا کراچی پیکج ماضی کے برعکس اہم ثابت ہوگا، یہ شہر کی حالت زار کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی سنجیدہ کوشش ہے، اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کراچی کو عالمی ترقی یافتہ شہر بنانے میں بھرپور دلچسپی رکھتے ہیں۔ گورنر ہاﺅس سے بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گورنرسندھ عمران اسماعیل سے گورنر ہاﺅس میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ملاقات میں بارشوں کے باعث صوبہ کے مختلف اضلاع کی صورتحال ،امدادی کاموں کی ضرورت ، صوبہ کے ترقیاتی منصوبوں ،کراچی ٹرانسفارمیشن پلان اور باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ گورنرسندھ عمران اسماعیل نے صدر مملکت کو بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ کراچی اور شہر کی ترقی کے لئے پیکج سے عوام کا اعتماد بڑھا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کی ترقی کے لئے اس سے قبل اتنی سنجیدہ کوششیں نہیں دیکھیں جو اس بات کا اظہار ہے کہ موجودہ حکومت شہر کی استعداد کار اور معیشت میں اس کے کردار کی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہے ،کراچی پیکج سے شہر کے دیرینہ مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔