برطانوی نژاد پاکستانی باکسر عامر خان کا پاکستان میں باکسنگ کے فروغ کیلئے بڑے ایونٹ کے انعقاد کا اعلان

برطانوی نژاد پاکستانی باکسر عامر خان کا پاکستان میں باکسنگ کے فروغ کیلئے بڑے ایونٹ کے انعقاد کا اعلان

اسلام آباد۔3ستمبر (اے پی پی):عالمی شہرت یافتہ برطانوی نژاد پاکستانی باکسر عامر خان نے پاکستان میں باکسنگ کے فروغ کے لیے بڑے ایونٹ کے انعقاد کا اعلان کر دیا۔ جمعرات کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عامر خان نے کہا کہ یہ ایونٹ ہفتہ کو منعقد ہو گا اور اس میں شرکت کے لیے انٹری بالکل فری ہو گی تاکہ زیادہ سے زیادہ شائقین اس سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایونٹ میں دو برطانوی نژاد پاکستانی باکسرز بھی حصہ لیں گے۔

اس کے علاوہ ایونٹ میں خاتون باکسر بھی فائٹ کرے گی جو پاکستانی خواتین کے لیے ایک بڑا موقع ہے۔عامر خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں باکسنگ کا بہت ٹیلنٹ موجود ہے، دنیا بھر میں باکسنگ کے ایونٹ ہو رہے ہیں، انڈیا میں بھی ایونٹس ہو رہے ہیں جبکہ اصل ٹیلنٹ پاکستان میں ہے۔ ہمیں باکسنگ کے لیے حکومتی سپورٹ کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں لیاری گیا تھا وہاں بھی باکسنگ کا بہت ٹیلنٹ ہے، پاکستان کی آبادی بہت زیادہ ہے یہاں سے بہت زیادہ ٹیلنٹ نکل سکتا ہے۔عامر خان نے بتایا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے بھی ان سے ملاقات میں پاکستان میں باکسنگ کے فروغ پر بات کی تھی۔آخر میں انہوں نے کہا کہ میری مکمل توجہ پاکستان میں ہے اور میں چاہتا ہوں کہ پاکستانی باکسرز کو عالمی سطح پر نام روشن کرنے کا موقع ملے۔