وزیراعظم عمران خان کا ملک میں گندم اور چینی کی دستیابی اور قیمتوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس سے خطاب

اسلام آباد ۔ 22 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ گندم اور چینی عوام کی بنیادی ضرورت ہیں لہٰذا ان کی دستیابی اور مناسب قیمت کو یقینی بنایا جائے۔ وہ ملک میں گندم اور چینی کی دستیابی اور قیمتوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی سیّد فخر امام، وزیرِ صنعت محمد حماد اظہر، مشیر …

اسلام آباد ۔ 22 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ گندم اور چینی عوام کی بنیادی ضرورت ہیں لہٰذا ان کی دستیابی اور مناسب قیمت کو یقینی بنایا جائے۔ وہ ملک میں گندم اور چینی کی دستیابی اور قیمتوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی سیّد فخر امام، وزیرِ صنعت محمد حماد اظہر، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داو¿د، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، متعلقہ وزارتوں کے وفاقی سیکرٹریز اور صوبوں کے چیف سیکرٹریز کے ساتھ ساتھ سینئر افسران نے شرکت کی۔ وزیراعظم میڈیا آفس کے مطابق وزیرِاعظم کو ملک میں گندم کی دستیابی کی صورتحال، نجی اور سرکاری سطح پر کی جانے والی درآمد میں اب تک کی پیشرفت پر تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی۔ وزیرِاعظم کو بتایا گیا کہ نجی شعبہ کی جانب سے اب تک تقریباً چار لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کی جا چکی ہے، مزید 10 لاکھ ٹن اگلے ماہ ملک میں پہنچ جائے گی۔ چیئرمین ٹی سی پی (ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان) نے بتایا کہ سرکاری سطح پر 15 لاکھ میٹرک ٹن گندم امپورٹ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 3 لاکھ 30 ہزار میٹرک ٹن گند م کا ٹینڈر کیا جا چکا ہے اور مزید ٹینڈر کئے جا رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ معاہدے کے ذریعے بھی گندم درآمد کی جا رہی ہے۔ چینی کی دستیابی کے حوالے سے بتایا گیا کہ حکومتی فیصلے کے مطابق چینی کی درآمد جاری ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ چینی کی طلب و رسد میں کسی قسم کی کمی بیشی نہ ہو۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے بتایا کہ شوگر ملوں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ پندرہ نومبر تک کرشنگ کا آغاز کر دیں۔ قانون کے تحت کرشنگ کے عمل میں تاخیر کرنے پر 50 لاکھ یومیہ جرمانہ کیا جائے گا۔ وزیرِاعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گندم اور چینی عوام کی بنیادی ضرورت ہیں لہٰذا ان کی دستیابی اور مناسب قیمت کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ملک میں گندم کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے وافر دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ گندم کی درآمد میں پیشرفت پر انہیں مسلسل آگاہ رکھا جائے۔