وفاقی وزیر پیر نورالحق قادری کا ڈاکٹر قبلہ ایاز کے اعزاز میں استقبالیہ سے خطاب

اسلام آباد ۔ 29 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب نے ہمارا سر فخر سے بلند کر دیا ہے، پہلی مرتبہ کسی نے عالمی فورم پر اسلامو فوبیا کی بات کی ہے، فکر اسلامی پاکستان کی نظریاتی اساس ہے اس کو سیاسی نعرہ نہ بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں …

اسلام آباد ۔ 29 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب نے ہمارا سر فخر سے بلند کر دیا ہے، پہلی مرتبہ کسی نے عالمی فورم پر اسلامو فوبیا کی بات کی ہے، فکر اسلامی پاکستان کی نظریاتی اساس ہے اس کو سیاسی نعرہ نہ بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو چیئرمین مسلم کرسچین سوسائٹی قاضی عبدالقدیر خاموش کی طرف سے ”اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز کے ساتھ منعقدہ ایک شام“ کے استقبالیہ سے خطاب میں کیا۔ وزیر مذہبی امور نے کہا کہ قانون سازی ہو یا مسالک کے درمیان تنازعات قبلہ ایاز نے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے، اسلام ہماری نظریاتی اساس ہے اس کو سیاسی نعرہ نہ بنایا جائے، پاکستان کو اس کی اساس سے کوئی نہیں ہٹا سکتا، یہی وجہ ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے الیکشن کے بعد ریاست مدینہ کی بات شروع کی، عمران خان کی چند دن پہلے کی تقریر دیکھ کر سر فخر سے بلند ہو جاتا ہے، پہلی بار کسی عالمی فورم پر کسی نے اسلامو فوبیا کی بات کی ہے۔ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیام پاکستان ایوان صدر میں پیش کیا تو سول اور ملٹری قیادت نے اسے آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا جس کے بعد معاشی سرگرمیاں اور امن او امان بحال ہوا، قبائلی علاقوں میں قائم ریاست کے اندر ریاستیں ختم ہوئیں اور قومی پرچم لہرایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پیغام پاکستان بنانے والی اسلامی یونیورسٹی اور اسلامی نظریاتی کونسل کے اس کردار کو اس انداز میں نہیں سراہا گیا جو ہمارا حق بنتا تھا، ہم نے سفارش کی ہے کہ پیغام پاکستان کی روشنی میں قانون سازی بھی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ساتھ وزارت مذہبی امور نے ہر سطح پر مکمل تعاون کیا ہے۔