سری نگر۔14اکتوبر (اے پی پی):غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع شوپیاں میں دو مزید کشمیری نوجوان شہید کر دیے ۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوانوں کو ضلع کے علاقے چکورہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شید کیا۔ نوجوانوں کی شہادت پر علاقے میں زبردست مظاہرے کیے گئے ۔ فوجیوں …
بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا
سری نگر۔14اکتوبر (اے پی پی):غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع شوپیاں میں دو مزید کشمیری نوجوان شہید کر دیے ۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوانوں کو ضلع کے علاقے چکورہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شید کیا۔ نوجوانوں کی شہادت پر علاقے میں زبردست مظاہرے کیے گئے ۔ فوجیوں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے طاقت کا وحشیانہ استعما ل کیا ۔سرینگر کے علاقے بادامی باغ میں بھارتی فوج کی ایک گاڑی نے موٹر سائیکل پر سوار ایک نوجوان کو ٹکر مار کر شہید کردیا ۔ واقعے کے خلاف علاقے میں زبر دست مظاہرے کیے گئے۔ ضلع گاندر بل کے علاقے کنگن میں بھی بھارتی فوج کی ایک گاڑی کی ٹکر سے ایک ستر سالہ شخص کے زخمی ہونے پر مظاہرے پھوٹ پڑے ۔ مشتعل مظاہرین نے واقعے کے خلاف سرینگر لہہ شاہراہ پر دھرنا دیکر کو بھارتی فوجی قافلے کو روک دیا ۔ وہ واقعے میں ملوث بھارتی فوج کے ڈرائیور کی گرفتاری کا مطالبہ کر رہے تھے۔ دھرنے کی وجہ سے شاہراہ پر گاڑیوں کی آمد ورفت کئی گھنٹوں تک معطل رہی ۔ میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم اور حریت رہنمائوں غلام محمد خان سوپوری، شبیر احمد ڈار اور محمد یوسف نقاش نے سرینگر میں اپنے بیانات میں مقبوضہ علاقے میں بڑھتی ہوئی بھارتی ریاستی دہشت گردی پر سخت تشویش کااظہار کیا۔میر واعظ فورم نے کہا کہ نوجوانوں کے سفاکانہ قتل، گرفتاریوںاور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوںکا مقصد مقبوضہ علاقے میں آزادی پسند آوازوں کو خاموش کرانا ہے۔ کشمیر اکنامک الائنس کے شریک چیئرمین فاروق ڈار نے سرینگر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی حکام کی جانب سے پراپرٹی ٹیکس عائد کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کا مقصد کشمیری عوام کومعاشی طورپر مزید کمزور کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے روزگاروں کا گراف نئی بلندیوں کو چھورہا ہے اور اس طرح کے عوام دشمن اقدامات ان کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کریں گے۔سابق کٹھ پتلی وزیر اعلی محبوبہ مفتی نے منگل کے روز اپنی رہائی کے بعد ٹویٹر پر جاری اپنی پہلی آڈیو کلپ میں کہا ہے کہ علاقے کے لوگ گزشتہ سال اگست میں مودی حکومت کی طرف سے کی گئی توہین اور ڈکیتی کی واردات کو فراموش نہیں کرسکتے ۔ انہوں نے اسے دن دھاڑے ڈکیتی قرار دیتے ہوئے کہاکہ کشمیریوں کو نہ صرف وہ کچھ واپس لینا پڑے گا جو دہلی نے اس دن ان سے چھین لیاتھا بلکہ انہیں مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے بھی جدوجہد جاری رکھنی ہوگی جس کے لئے ہزاروں افراد نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ایک اسپیشل پولیس آفیسر سمیت بھارتی فورسز کے دو اہلکار ضلع بڈگام میں اپنے کیمپوں سے فرار ہوگئے۔ ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق اہلکار تین بندوقیں اور گولہ بارود بھی اپنے ساتھ لے گئے۔واشنگٹن میں قائم ورلڈ کشمیر ایویئر نیس فورم کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر غلام نبی فائی نے ایک بیان میں وزیر اعظم پاکستان کے مشیرخاص ڈاکٹر معید یوسف کے اس بیان کا خیر مقدم کیا ہے جس میں انہوں نے تنازعہ کشمیر کے بارے میں مستقبل میں کسی بھی پاک بھارت مذاکرات میں حقیقی کشمیری قیادت کو شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیاہے ۔ ڈاکٹر فائی نے مسئلے کو حل کرنے کے لئے اقوام متحدہ کی زیرقیادت تیسرے فریق کی ثالثی کا مطالبہ کیا ہے۔









