پناہ گاہوں میں مستحق افراد کیلئے معیاری خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، وزیراعظم عمران خان کی ہدایت

اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے پناہ گاہوں میں مستحق افراد کیلئے معیاری خدمات کی فراہمی کی ہدایت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ مستحقین کی عزت نفس کا خصوصی خیال رکھا جائے۔ وہ جمعرات کو اسلام آباد کے سیکٹر جی نائن (پشاور موڑ) میں پناہ گاہ کے دورہ کے موقع پر اظہار خیال کر رہے تھے۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و …

اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے پناہ گاہوں میں مستحق افراد کیلئے معیاری خدمات کی فراہمی کی ہدایت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ مستحقین کی عزت نفس کا خصوصی خیال رکھا جائے۔ وہ جمعرات کو اسلام آباد کے سیکٹر جی نائن (پشاور موڑ) میں پناہ گاہ کے دورہ کے موقع پر اظہار خیال کر رہے تھے۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر، پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر عون عباس بپی اور سینیٹر فیصل جاوید بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم نے پناہ گاہ کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور اس کے انتظامات و دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مستحقین کو صاف ستھرا اور صحت افزاءماحول فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ غریب افراد کیلئے بنائی گئی اس سہولت کو کارآمد بنانے کیلئے یہ اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو ان غریب پرور اقدامات کیلئے فنڈنگ کیلئے پریشانی نہیں ہو گی اگر یہ سہولیات اپنے معیار، شفافیت اور فعالیت کے لحاظ سے لوگوں کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی تو زیادہ سے زیادہ لوگ اس کارخیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کیلئے تیار ہوں گے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے پناہ گاہ میں مقیم افراد کے ساتھ لنگر سے کھانا بھی کھایا۔ وزیراعظم نے قیام گاہ میں مقیم افراد سے بات چیت کرتے ہوئے یقین دلایا کہ حکومت کی جاری اقتصادی پالیسیوں کے نتیجہ میں ملک میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ اس موقع پر ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور عون عباس بپی نے وزیراعظم نے پناہ گاہوں کے انتظام اور دستیاب سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی۔ پاکستان بیت المال کے ایم ڈی نے بتایا کہ وفاقی دارالحکومت میں چار ماڈل پناہ گاہوں کی تیاری تکمیل کے قریب ہے جبکہ پانچویں ترنول میں قائم کی جا رہی ہے جو 45 دنوں میں مکمل ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ 31 جنوری 2021ءتک پاکستان بیت المال سندھ اور بلوچستان میں پانچ، پانچ پناہ گاہیں قائم کرے گا جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 8، 8 پناہ گاہیں قائم کی جائیں گی۔ اس موقع پر ”اے پی پی“ سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ پناہ گاہوں کا منصوبہ وزیراعظم کے دل کے بہت قریب ہے، اس پروگرام کا مقصد بڑے شہروں میں یومیہ اجرت پر کام کرنے والے غریب مزدوروں کو قیام و طعام کی سہولت فراہم کرنا ہے جو اس سہولت کی عدم موجودگی میں سخت موسمی حالات میں بھی کھلے آسمان کے نیچے رات گزارنے پر مجبور تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ پناہ گاہوں میں مستحقین کی عزت نفس کا خصوصی خیال رکھا جائے اور انہیں معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔\