اسلام آباد۔20اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے اقتصادی امورمخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے پروگرام کو آگے بڑھانے میں پرعزم ہے۔ یہ بات انہوں نے عالمی بینک اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کےسالانہ اجلاس کے موقع پر دو ورچوئل اجلاسوں میں پاکستان کے وفد کی قیادت کرتے ہوئے کہی۔ پاکستانی وفد میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر ، گورنر …
پاکستان کی حکومت ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے پروگرام کو آگے بڑھانے میں پرعزم ہے، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امورمخدوم خسرو بختیارکا عالمی بینک، آئی ایم ایف کےسالانہ اجلاس
اسلام آباد۔20اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے اقتصادی امورمخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے پروگرام کو آگے بڑھانے میں پرعزم ہے۔ یہ بات انہوں نے عالمی بینک اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کےسالانہ اجلاس کے موقع پر دو ورچوئل اجلاسوں میں پاکستان کے وفد کی قیادت کرتے ہوئے کہی۔ پاکستانی وفد میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر ، گورنر و ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک اور وزار ت اقتصادی امور ، وزارت خزانہ، ایف بی آر اور امریکا میں پاکستانی سفارتخانہ کے اعلی حکام شامل تھے۔ پاکستانی وفد کی پہلی ورچوئل میٹنگ جنوبی ایشیا کے خطے کے لئے عالمی بینک کے نائب صدر ہارتھ شیفر کے ساتھ منعقد ہوئی ۔ عالمی بینک کے نائب صدر نے کووڈ۔19 کی وبا سے نمٹنے کے لئے پاکستان کی موثر کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے بالخصوص بجلی، گورننس اور مالیاتی شعبوں میں اصلاحات کے پروگرام کی تعریف کی اور کہا کہ اس نتیجہ میں پاکستان میں اقتصادی نمو اور کووڈ۔19 سے بحالی کے عمل کو تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ مشکل کے اس وقت میں عالمی بینک پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔ اجلاس میں عالمی بینک کے پاکستان میں جاری اور مستقبل کے منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر نے مستقل حمایت اور تعاون پر عالمی بینک کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان معیشت، گورننس اور ادارہ جاتی اصلاحات کے عمل کو آگے بڑھانے میں پر عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی منصوبوں کی منظوری، نفاذ اور اس کی باضابطہ نگرانی کے عمل کو سادہ بنایا جا رہا ہے۔ وفاقی وزیر نے کوروناویکسین کے حوالے سے ترقی پذیر ممالک کے لئے عالمی بینک کے 12 ارب ڈالر کے مجوزہ منصوبے کو سراہا۔ وفاقی وزیر کی تجویز پر عالمی بینک کے نائب صدر نے یقین دلایا کہ اصلاحات کے جاری عمل میں بینک اپنا تعاون فراہم کرے گا۔ پاکستان وفد نے بین الاقوامی فنانس کارپوریشن کے ایشیا اور بحر الکاہل کے خطے کے لئے نائب صدر الفانسو گارسیا سے بھی ورچوئل اجلاس منعقد کیا۔ وفاقی وزیر نے آئی ایف سی کی جانب سے پاکستان میں شروع کئے گئے منصوبوں کو سراہا۔ وفاقی وزیر نے بالخصوص بنیادی ڈھانچہ ، ہائوسنگ اور سیاحت کے شعبوں میں آئی ایف سی کی سرمایہ کاری میں اضافہ کی ضرورت پر زور دیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت نجی شعبہ کے ذریعے بڑھوتری کے عمل کو آگے بڑھانے پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ۔19 کے دور میں آئی ایف سی کو پاکستان میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کی معاونت کرنا چاہیے۔ آئی ایف سی کے نائب صدر نے دورہ پاکستان کی دعوت پر وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے پاکستان میں اصلاحات کےعمل کی تعریف کی۔









