لاہور۔5نومبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ نبی کریمﷺ کی ذات اقدس سے محبت پوری دنیا کے مسلمانوں کے ایمان کا حصہ ہے اور وہ کسی بھی صورت برداشت نہیں کرسکتا ہے کہ آقائے دو جہاں سرکار مدینہ حضرت محمدﷺ کی ذات مبارکہ کو کسی بھی حوالے سے نشانہ بنایا جائے۔ نبی رحمت کی ذات بابرکات کو مالک کائنات …
مغربی دنیا کو بھی مسلمانوں کیلئے ناموس رسالت کی حساس نوعیت کو سمجھنا ہوگا، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا رحمت اللعالمین کانفرنس سے خطاب
لاہور۔5نومبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ نبی کریمﷺ کی ذات اقدس سے محبت پوری دنیا کے مسلمانوں کے ایمان کا حصہ ہے اور وہ کسی بھی صورت برداشت نہیں کرسکتا ہے کہ آقائے دو جہاں سرکار مدینہ حضرت محمدﷺ کی ذات مبارکہ کو کسی بھی حوالے سے نشانہ بنایا جائے۔ نبی رحمت کی ذات بابرکات کو مالک کائنات نے سب جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجا اور آپ نا صرف دنیا بلکہ آخرت میں بھی ہر کمزور کا سہارا اور امید ہیں۔آزادی اظہار کے نام پر کی جانے والی مذموم حرکتیں قطعی طور پر ناقابل برداشت ہیں، گستاخانہ خاکوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ اقوام متحدہ سے نبی کریم ﷺ اور دیگر انبیا کرام کے بارے میں گستاخانہ حرکتوں جیسے توہین آمیز اقدامات پر پابندی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایوان اقبال میں رحمت اللعالمین کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ کانفرنس میں رہنما تحریک انصاف اعجاز احمد چوہدری، مفتی رمضان سیالوی، مولانا عبدالخبیر آزاد، ڈاکٹر محمد حسین اکبر، قاری زوار بہادر اور علما و مشائخ کے ساتھ ساتھ عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کانفرنس میں ناموس رسالت، آسمانی کتب، اہل بیت و صحابہ کے احترام بارے قرارداد پیش کی گئی۔ ناموس رسالت کے خلاف گستاخانہ فعل میں ملوث افراد کے خلاف سخت سزا کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔ اس موقع پر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ہم دنیا کو بھر میں اس حقیقت کو اجاگر کریں گے کہ آقائے دو جہاں سرکار مدینہ حضرت محمد مصطفی اللہ تبارک وتعالی کے وہ جلیل القدر پیغمبر اور خاتم النبین ہیں جنہوں نے دنیا کو امن و سلامتی کا درس دیا۔ انہوں نے کہا کہ آزادی اظہار کے نام پر کی جانے والی مذموم حرکتیں قطعی طور پر ناقابل برداشت ہیں، گستاخانہ خاکوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اقوام متحدہ سے نبی کریم اور دیگر انبیاءا کرام کے بارے میں گستاخانہ حرکتوں جیسے توہین آمیز اقدامات پر پابندی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے امت مسلمہ کی نمائندگی کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں نبی رحمت کی شان اقدس بارے بھرپور اور موثر پیغام دیا۔ وزیراعظم عمران خان نے مسلم ممالک کے سربراہان کو خط کے ذریعے زور دیا ہے کہ وہ اسلامو فوبیا اور خاص کر یورپی ممالک کے رہنماوں کے بیانات کے خلاف متحد ہوکر کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے ہر سال ربیع الاول میں ہفتہ شان رحمت اللعالمین منانے کا اعلان کیا اور50کروڑ کا رحمت اللعالمین سکالرشپ فنڈ قائم کیا ہے۔ 25کروڑ سے پوزیشن ہولڈر اور میٹرک پاس نادار طلبہ کو مزید پڑھائی کیلئے 25 کروڑ کے رحمت اللعالمین سکالرشپ دیئے جائیں گے۔ رحمت اللعالمین چیئرز پنجاب کے ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کی یونیورسٹیوں میں قائم کی جائیں گی، سیرت النبی پر تقریری مقابلے کرائے جائیں گے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حالیہ دلخراش واقعے کے بعد ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ فرانس کے حکام اس واقعہ کی مذمت کرتے بلکہ فرانس کے صدر نے فرانسیسی ٹیچرز کے موقف کا بھرپور دفاع کیا۔ پوری مسلم امہ فرانسیسی صدر کے اقدام کے خلاف سراپا احتجاج ہے۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ مسلمانوں میں جو بے چینی اور اضطراب کی لہر پائی جا رہی ہے اس کانوٹس لے اور فرانس کو خبردار کرے کہ وہ اس حساس معاملہ کی سنگینی کو سمجھے اور صدر میکرون کو ہرزہ رسائی سے باز رکھیں۔ ہولو کاسٹ پر تنقید اور سوال کرنا مغربی ممالک میں جرم ہے اور مسلم دنیا کو اس کا احساس ہے اور احترام بھی کرتی ہے۔مغربی دنیا کو بھی مسلمانوں کیلئے ناموس رسالت کی حساس نوعیت کو سمجھنا ہوگا۔









