اپوزیشن مافیا کے بل بوتے پر قتل عام کو بھی تیار ہے، حکومت ان کے خلاف قانونی سختی نہیں کر رہی، چاہتے ہیں یہ عوام میں خود بے نقاب ہوں،معاون خصوصی سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل

اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ اپوزیشن مافیا کے بل بوتے پر قتل عام کو بھی تیار ہے، حکومت ان کے خلاف قانونی سختی نہیں کر رہی، چاہتے ہیں یہ عوام میں خود بے نقاب ہوں، اپوزیشن جماعتیں این آر او لینے کیلئے ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہی ہیں، وزیراعظم عمران خان پہلے ہی واضح …

اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ اپوزیشن مافیا کے بل بوتے پر قتل عام کو بھی تیار ہے، حکومت ان کے خلاف قانونی سختی نہیں کر رہی، چاہتے ہیں یہ عوام میں خود بے نقاب ہوں، اپوزیشن جماعتیں این آر او لینے کیلئے ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہی ہیں، وزیراعظم عمران خان پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ وہ کسی صورت میں بدعنوان عناصر کو این آر او نہیں دیں گے۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ اپوزیشن مافیا کا حصہ ہے، ان لوگوں کو جب بھی موقع ملا انہوں نے خوب لوٹ مار کی اور عوام نے بھی ان مافیاز کی شکلیں دیکھی ہوئی ہیں۔ شہباز گلنے کہا کہ حکومت کی پالیسی واضح ہے، ہم نہیں چاہتے کہ ملک میں انتشار پھیلے اسلئے اپوزیشن جماعتوں کو زبردستی جلسے کرنے سے نہیں روکنا چاہتے، اپوزیشن کھلی جگہ پر جلسہ کرے اسے کوئی نہیں روکے گا۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے آج کل جمہوریت کے چیمپئن بنے ہوئے ہیں، انہوں نے اپنے دور میں جو لوٹ مار کی سب جانتے ہیں، یہ لوگ اپنے گاڈ فادر کے کہنے پر ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ تاکہ انہیں دوبارہ ملک کو لوٹنے کی باری مل سکے، جن لوگوں نے بھی عوام کا پیسہ لوٹا ہے ان کے خلاف احتساب کا عمل جاری رہے گا اور وزیراعظم عمران خان اپوزیشن کے بدعنوان قائدین کو کوئی رعایت نہیں دیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں معاون خصوصی نے کہا کہ ملتان میں اپوزیشن کی طرف سے جو توڑ پھوڑ کی گئی ہے، انتشار پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔