مریم نواز کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ اب آر ہو گا نہ ہی پار، صرف قانون کا وار ہو گا، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی نجی ٹی وی سے گفتگو

اسلام آباد۔7دسمبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مریم نواز کہتی ہیں کہ اب آر یا پار ہو گا، ان کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ اب آر ہو گا نہ ہی پار، صرف قانون کا وار ہو گا، مریم نواز بدعنوانی کیسز سے بچنے اور ریلیف لینے کیلئے ہر فورم پر گڑگڑا رہی ہیں، یہ لوگ …

اسلام آباد۔7دسمبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مریم نواز کہتی ہیں کہ اب آر یا پار ہو گا، ان کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ اب آر ہو گا نہ ہی پار، صرف قانون کا وار ہو گا، مریم نواز بدعنوانی کیسز سے بچنے اور ریلیف لینے کیلئے ہر فورم پر گڑگڑا رہی ہیں، یہ لوگ تاریک مستقبل روشن بنانے کیلئے حکومت کو گھر بھیجنا چاہتے ہیںِ، وزیراعظم عمران خان آئین و قانون کے تابع ہیں اور ان کی ولولہ انگیز قیادت میں احتساب کے عمل کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ابھی تک صرف لیگی رہنما مریم نواز کا بیانیہ سامنے آیا ہے، پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا نہیں، مریم نواز کیلبری کوئین ہیں اور انہوں نے سپریم کورٹ سے جھوٹا ہونے کا سرٹیفکیٹ لیا ہوا ہے، یہ لوگ سیاسی طور پر خود کو زندہ رکھنے کیلئے منفی بیانات اور غیرقانونی ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں لیکن یہ اپنے مذموم سیاسی مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بدعنوان عناصر کے خلاف احتساب کا گھیرا تنگ ہو رہا ہے، ان کے خلاف بدعنوانی کیسز کی تیزی کے ساتھ پیروی ہو رہی ہے اور ثبوت بھی سامنے آ رہے ہیں، شریف فیملی کے اپنے ہی لوگ ان کے خلاف وعدہ معاف گواہ بنتے جا رہے ہیں اسلئے یہ لوگ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن موجودہ حکومت وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں احتساب کے عمل کو منطقی انجام تک پہنچائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی آئینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے، عوام کو کورونا وبا سے محفوظ رکھنے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھائے گئے ہیں، بدقسمتی سے اپوزیشن جماعتیں ذاتی مفادات کو تحفظ دینے اور احتساب سے بچنے کیلئے جان بوجھ کر عوام کی زندگیوں کو خطرے میں دھکیل رہی ہیں۔ معاون خصوصی نے کہا کہ سابق حکمران خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں اور انہوں نے قانون کو یرغمال بنا رکھا تھا جبکہ وزیراعظم عمران خان آئین و قانون کے تابع ہیں اور انہوں نے اقتدار میں آنے کے بعد اداروں کو آزاد اور بااختیار بنایا، تمام ادارے اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے قومی فریضہ انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ملک کو ترقی کے راستے پر گامزن کیا ہے اور ملکی معیشت کی بہتری کیلئے کلیدی کردار ادا کیا ہے، تحریک انصاف حکومت نہ صرف اپنی پانچ سالہ مدت پوری کرے گی بلکہ اپنی کارکردگی کی بنیاد پر 2023ءانتخابات میں عوام کے اکثریتی ووٹ لیکر دوبارہ اقتدار میں آئے گی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں حکومت کو گرانے کیلئے آئینی و قانونی راستہ اختیار کرتے ہوئے قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں تحریک عدم اعتماد لائیں، کورونا کی دوسری لہر شدت اختیار کر رہی ہے اسلئے انہیں چاہیے کہ تھوڑے عرصے کیلئے سیاسی سرگرمیاں معطل کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے تحت وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت صوبے کی ترقی کیلئے تاریخی پیکیج دے رہی ہے۔