آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا ہے کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں جشن عید میلاد النبیﷺکی پرنور محافل،ریلیوں اور جلوسوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے گی،اس حوالے سے پنجاب پولیس نے تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔
لاہور سمیت صوبہ بھر میں جشن عید میلاد النبیﷺکےجلوسوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے گی،آئی جی پنجاب
لاہور۔24اگست (اے پی پی):آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا ہے کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں جشن عید میلاد النبیﷺکی پرنور محافل،ریلیوں اور جلوسوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے گی،اس حوالے سے پنجاب پولیس نے تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ12 ربیع الاول پر سکیورٹی ہائی الرٹ رکھی جائے اور شرپسندوں و ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے۔صوبہ بھر میں عید میلاد النبیﷺ پر 1436 محافل اور2479 جلوسوں کی سکیورٹی کے لیے55 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ترجمان کے مطابق لاہور میں جشن عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر216 جلوس اور111 محافل میلاد منعقد ہوں گی،جن کی سکیورٹی کےلئے 8 ہزار سے زائد افسران، اہلکار اور رضاکار فرائض سرانجام دیں گے۔آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ تمام جلوسوں، ریلیوں اور محافل کےلئے ایس او پیز کے مطابق سخت سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں، حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے جبکہ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے محافل اور ریلیوں کی مانیٹرنگ کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ سکیورٹی آرڈر تشکیل دیتے وقت امن کمیٹیوں،علما کرام اور کمیونٹی لیڈرز کی مشاورت اور تجاویز کو مدنظر رکھا جائے۔تمام آر پی اوز،سی پی اوز اور ڈی پی اوز12 ربیع الاول کے سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کریں اور کنٹرول رومز سے پروگرامز کی سکیورٹی کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ یقینی بنائیں۔ترجمان کےمطابق پولیس،ٹریفک پولیس، ایلیٹ،سپیشل برانچ اور سی ٹی ڈی ٹیمیں سکیورٹی انتظامات میں معاونت کریں گی جبکہ محافل، جلوسوں اور ریلیوں کی سکیورٹی کےلئے روایتی و جدید پولیسنگ کے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔









