اسلام آباد۔7دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی کوئی شوگر مل نہیں ہے، وہ ایمانداری کے ساتھ ملکی مفاد میں کام کر رہے ہیں، وزیراعظم ملک کو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) گرے لسٹ سے نکالنے، صنعتی ترقی اور معیشت کو اوپر اٹھانے کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں، حکومت کو اپوزیشن کے جلسوں سے …
حکومت کو اپوزیشن کے جلسوں سے کوئی خطرہ نہیں، وزیراعظم عمران خان ملکی مفاد میں کام کر رہے ہیں،پیپلزپارٹی نے سندھ کو موہنجوداڑو بنا دیا ہے،وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا

مزید خبریں
اسلام آباد۔7دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی کوئی شوگر مل نہیں ہے، وہ ایمانداری کے ساتھ ملکی مفاد میں کام کر رہے ہیں، وزیراعظم ملک کو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) گرے لسٹ سے نکالنے، صنعتی ترقی اور معیشت کو اوپر اٹھانے کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں، حکومت کو اپوزیشن کے جلسوں سے کوئی خطرہ نہیں ہے، پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا حال سینیٹ انتخابات سے بھی بدتر ہو گا اور پیپلزپارٹی کسی صورت میں سندھ حکومت نہیں چھوڑے گی۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز کا بیانیہ ان کی جماعت کے اندر نہیں بک رہا، دو تین لوگ ان کے بیانیے کو لیکر چل رہے ہیں جبکہ زیادہ تر لوگ ان کے بیانیے پر اتفاق نہیں کر رہے اور ن لیگ سے کنارہ کشی اختیار کر رہے ہیں۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ ملک میں مہنگائی ہے تاہم حکومت مہنگائی پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے اور اب چینی اور آٹے سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں نیچے آ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گندم بحران سندھ حکومت کی ڈسٹری بیوشن نہ کرنے کی وجہ سے پیدا ہوا تھا اور یہی آٹے کی قیمتوں میں اضافے کی ذمہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ طاقتور مافیا پر ہاتھ ڈالا گیا اور وزیراعظم عمران خان نے شوگر بحران کی تحقیقات کروائیں، مافیا کے خلاف کارروائی ہو رہی ہے لیکن اپوزیشن میں اتنی اخلاقی جرات نہیں کہ وزیراعظم عمران خان کو کریڈٹ دے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں منافقت کی سیاست کر رہی ہیں، انہیں صرف تحریک انصاف حکومت کے اقتدار میں آنے سے مسئلہ ہے، سندھ حکومت بھی انہی انتخابات میں منتخب ہوئی تو کیا وہ ٹھیک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کا کبھی اکٹھ نہیں ہو سکتا، ماضی میں ن لیگی قائدین نے جسطرح سے محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی تضحیک کی تھی پیپلزپارٹی والے کبھی اسے نہیں بھول سکتے، پیپلزپارٹی جمہوریت کے نام پر کسی صورت میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں سے استعفے نہیں دے گی البتہ ن لیگ کے 12 سے 15 لوگ استعفے دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی گزشتہ کئی دہائیوں سے سندھ میں حکومت کر رہی ہے اور انہوں نے پورے صوبے کو موہنجوداڑو بنا دیا ہے، عوام آج بھی بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔








