وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز سید ذوالفقار عباس بخاری کا ختم نبوتؐ کانفرنس سے خطاب

56

اسلام آباد۔14دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز سید ذوالفقار عباس بخاری نے کہا ہے کہ ختم نبوتؐ کے حوالے سے کوئی بھی پروپیگنڈا حکومت کو برداشت نہیں ہوگا، موجودہ حکومت نے ختم نبوت پر سب سے زیادہ آواز اٹھائی ہے،وزیراعظم عمران خان کبھی اس پروپیگنڈے کو پنپنے نہیں دیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ختم نبوتؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ زلفی بخاری نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ختم نبوتؐ پر سب سے زیادہ آواز اٹھائی ہے، ہم خوش نصیب ہیں ہمارے پاس ایسا وزیراعظم ہے جو ختم نبوتؐ کے معاملے پر آواز اٹھا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلی بار او آئی سی سے متفقہ قرارداد پاس کرائی، اقوام متحدہ میں بھی چارٹر ہونا چاہئے کہ ہمارے سرکارِ دو جہاں پر کوئی کچھ نہ بولے۔انہوں نے کہا کہ ختم نبوتؐ پر دوسرے ممالک پروپیگنڈا چلا رہے ہیں ، ہم بطور مسلمان ختم نبوتؐ پر ایک ساتھ کھڑے ہیں، ختم نبوتؐ کے حوالے سے کوئی بھی پروپیگنڈا حکومت کو برداشت نہیں ہوگا،وزیراعظم عمران خان کبھی اس پروپیگنڈے کو پنپنے نہیں دیں گے۔