وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پٹرول کے سمگلروں کو ایک ہفتہ کی ڈیڈ لائن دے دی

اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پٹرول کے سمگلروں کو ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا ہے کہ غیر قانونی کام میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، وزیراعظم نے مجھے ملک بھر میں سمگلنگ کے پٹرول کی فروخت فوری بند کرانے کی ذمہ داری تفویض کی ہے، سمگل شدہ پٹرول فروخت کرنے والے پٹرول پمپوں کے لائسنس ضبط کر …

اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پٹرول کے سمگلروں کو ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا ہے کہ غیر قانونی کام میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، وزیراعظم نے مجھے ملک بھر میں سمگلنگ کے پٹرول کی فروخت فوری بند کرانے کی ذمہ داری تفویض کی ہے، سمگل شدہ پٹرول فروخت کرنے والے پٹرول پمپوں کے لائسنس ضبط کر لئے جائیں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سمگلنگ کی روک تھام اور بالخصوص تیل کی سمگلنگ کے حوالہ سے معاملات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ، وفاقی وزیر خزانہ، وفاقی وزیر بحری امور، مشیر تجارت، چیئرمین ایف بی آر اور اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ یہ ایک اہم سیاسی فیصلہ ہے اور وزیراعظم عمران خان نے انہیں یہ ذمہ داری تفویض کی ہے کہ وہ فوری طور پر ملک بھر میں سمگلنگ کے پٹرول کی فروخت بند کرائیں کیونکہ اس سے ملکی معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیراعظم نے ملک میں موبائل فونز کی سمگلنگ روکنے کے ذریعے 2 ارب ڈالر کا ریونیو بچانے اور سمگل شدہ ملبوسات کی روک تھام کے ذریعے اربوں روپے بچانے پر ایف بی آر کے کردار سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف محصولات کی وصولی میں اضافہ ہوا ہے بلکہ کورونا وبا کے باوجود ملکی ٹیکسٹائل کی صنعت کو فروغ ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں غیر قانونی طور پر پٹرول کے استعمال، سمگلنگ اور اس کی فروخت کی معلومات دینے کی حوصلہ افزائی اور لوگوں میں اس حوالہ سے شعور اجاگر کرنے کیلئے میڈیا کے ذریعے مہم چلائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے تمام پٹرول پمپ جو سمگل شدہ پٹرول کی فروخت میں ملوث ہوں گے ان کے خلاف سات دن میں سخت کارروائی کی جائے گی اور ان کے لائسنس ضبط کر لئے جائیں گے اور انہیں دوبارہ پٹرول پمپ چلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ حکومت کے اس اقدام سے تقریباً 2 ارب ڈالر کی بچت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ایف بی آر کو یہ ذمہ داری سونپی ہے کہ وہ سات ارب ڈالر کی سمگلنگ روکنے کیلئے اقدامات کرے۔