اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو نے کہا ہے کہ حکومت سرمائے کی فراہمی اور ٹیکنالوجی کے ذریعے پاکستان سٹیل ملز (پی ایس ایم) کی بحالی کیلئے کام کر رہی ہے تاکہ قومی ادارے کو پوری پیداواری صلاحیت سے چلایا جا سکے۔ وفاقی وزیر نے بدھ کو ان خیالات کا اظہار وزارت نجکاری میں نجکاری کے عمل کے جائزہ اجلاس کے دوران کیا۔ وزارت نجکاری کی …
حکومت سرمائے کی فراہمی اور ٹیکنالوجی کے ذریعے پاکستان سٹیل ملز کی بحالی کیلئے کام کر رہی ہے، محمد میاں سومرو

مزید خبریں
اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو نے کہا ہے کہ حکومت سرمائے کی فراہمی اور ٹیکنالوجی کے ذریعے پاکستان سٹیل ملز (پی ایس ایم) کی بحالی کیلئے کام کر رہی ہے تاکہ قومی ادارے کو پوری پیداواری صلاحیت سے چلایا جا سکے۔ وفاقی وزیر نے بدھ کو ان خیالات کا اظہار وزارت نجکاری میں نجکاری کے عمل کے جائزہ اجلاس کے دوران کیا۔ وزارت نجکاری کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر کو پاکستان سٹیل ملز کارپوریشن کے معاملات پر بریفنگ بھی دی گئی اور بتایا گیا کہ نجکاری بورڈ کی جانب سے منظور کئے گئے ٹرانزیکشنز سٹرکچر کو کابینہ کی حتمی منظوری سے قبل کابینہ کی نجکاری کمیٹی میں پیش کیا جائے گا۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری نجکاری سمیت وزارت نجکاری کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی ہے۔ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر کو رواں مالی سال کے دوران مختلف سرکاری اداروں کی نجکاری کے حوالہ سے بھی بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر محمد میاں سومرو نے کہا کہ نجکاری موجودہ حکومت کے اقتصادی اصلاحات کے ایجنڈا کا بڑا حصہ ہے۔ انہوں نے نجکاری کے عمل میں حائل رکاوٹوں کو بروقت دور کرنے پرزور دیا۔ انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ نجکاری کے ذریعے نہ صرف اداروں کو منافع بخش بنانا ہمارا مقصد ہے بلکہ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا اور قرضوں کے بوجھ اور غربت میں کمی بھی حکومت کے اہداف میں شامل ہے۔ اجلاس میں نجکاری فہرست میں شامل اداروں کی نجکاری پر غور کیا گیا۔ ان اداروں میں سروسز انٹرنیشنل ہوٹل، ایس ایم ای بینک، ہائوس بلڈنگ فنانس کارپوریشن، کنونشن سینیٹر اور این پی پی ایم سی ایل شامل ہیں۔ وفاقی وزیر نے وزارت کے حکام پر زور دیا کہ نجکاری کے عمل میں حائل رکاوٹوں کو بروقت دور کیا جائے تاکہ مطلوبہ اہداف کے حصول کو طے شدہ شیڈول کے مطابق یقینی بنایا جا سکے۔








