کمزور طبقے کا تحفظ اور انہیں ساتھ لے کر چلنا ہماری قومی اور مذہبی ذمہ داری ہے ، قاسم خان سوری

اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نےکہا ہے کمزور طبقے کا تحفظ اور انہیں ساتھ لے کر چلنا ہماری قومی اور مذہبی ذمہ داری ہے ،خصوصی افراد کو بھی معاشرے کا فعال شہری بنانے کے لئے ملک کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ وہ بدھ کو یہاں خصوصی افراد کے کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈز بنانے سے متعلق تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ …

اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نےکہا ہے کمزور طبقے کا تحفظ اور انہیں ساتھ لے کر چلنا ہماری قومی اور مذہبی ذمہ داری ہے ،خصوصی افراد کو بھی معاشرے کا فعال شہری بنانے کے لئے ملک کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ وہ بدھ کو یہاں خصوصی افراد کے کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈز بنانے سے متعلق تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اسپیشل لوگ ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور ان کا خیال رکھنا ہمارا مذہبی اور قومی فریضہ ہے، جس طرح سے ریاست مدینہ میں معذور افراد کی فلاح وبہبود کے لیے کام کیا جاتا تھا اسی طرح اسپیشل لوگوں کے لیے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کام کیا جا رہا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے معذور افراد کے لیے بہت کام کیا ہے لیکن بہت سا کام اب بھی باقی ہے۔ قاسم خان سوری نے کہا کہ اسپیشل افراد تقریباً ہر خاندان میں ہوتے ہیں میرا اپنا بھتیجا پیدائش کے وقت سماعت سے محروم تھا آج اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے آپریشن اور کان کے آلے کی مدد سے وہ سن سکتا ہے، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی اپنی بیٹی وھیل چیئر پر ہے۔ بچہ جب پیدا ہوتا ہے تو وہ بڑے ہونے تک اپنے والدین کا محتاج ہوتا ہے اسی طرح انسان جب زندگی کے سفر میں اختتام کی جانب جاتا ہے تو وہ دوبارا معذوری کیجانب چلا جاتا ہے ہمارے والدین اکثر وھیل چیئرز پر ہوتے ہیں اور انھیں مدد کی ضرورت ہوتی ہے۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہم نے قومی اسمبلی میں معذور افراد کے لیے ریمپ بنوائے ہیں اسپیشل واش رومز بنائے ہیں اور قومی اسمبلی کے سوشل میڈیا سیل میں معذور افراد کو نوکریاں بھی دی ہیں۔ احساس پروگرام کے تحت معاشرے کے ہر معذور فرد کو دو ہزار روپے دیا جا رہا ہے۔ معذور افراد کے کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈز کے لیے میں خود شیخ رشید سے ملوں گا اور ان سے کہوں گا کہ وہ معذور افراد کے لیے ایک الگ کاؤنٹر بنوائیں تاکہ کسی دوسرے کاؤنٹر پر معذور افراد کو نہ جانا پڑے۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ وہ چیئرمین سی ڈی اے کو ملاقات کے لیے بلوا کر اسلام آباد میں جتنی بھی عمارات بن رہی ہیں ان میں معذور افراد کی رسائی کے لیے ہر طرح کی سہولیات میسر کی جائیں اور اس سہولت کے بغیر کوئی نقشہ پاس نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ معذور افراد کو اللہ تعالیٰ نے بہت سی خوبیوں سے نوازا ہوتا ہے، پاکستان کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم میں اتنی صلاحیت ہے کہ وہ ورلڈ چیمپیئن بنی اور ہمیشہ بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لیتی ہے۔ ہماری قومی اسمبلی کے سوشل میڈیا سیل میں ہمارا ایک ساتھی سلیمان نابینا ہونے کے باوجود بہترین کام کر رہا ہے۔ قاسم خان سوری نے کہا کہ ہمارے پیارے نبی ﷺ نے جس طرح ریاست مدینہ کا تصور دیا اس ﷺ کے دور میں بھی جب جنگیں ہوا کرتی تھیں تو ایک نابینا صحابی حضرت عبداللہ ابن ام مکتومؓ تھے اور جب سب جنگ ہے جا رہے تھے تو حضور ﷺ نے ان کی زمہ داری لگائی کہ آپ نے یہاں پر رہ کر لوگوں کی امامت کرنی ہے اور نماز پڑھانی ہے نابینا صحابی حضرت عبداللہ ابن ام مکتومؓ نے اپنی زمہ داری بخوبی نبھائی۔