اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں شامل سیاسی جماعتوں کے مفادات اور سمت مختلف ہے، پیپلزپارٹی کی سندھ میں حکومت ہے وہ کیوں ن لیگ کیلئے استعفے دے گی، ماضی میں دوخاندانوں نے ملک میں موروثی سیاست کی بنیاد رکھی اور کسی جماعت کو پنپنے کا موقع نہیں دیا، وزیراعظم عمران …
وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں شامل سیاسی جماعتوں کے مفادات اور سمت مختلف ہے، پیپلزپارٹی کی سندھ میں حکومت ہے وہ کیوں ن لیگ کیلئے استعفے دے گی، ماضی میں دوخاندانوں نے ملک میں موروثی سیاست کی بنیاد رکھی اور کسی جماعت کو پنپنے کا موقع نہیں دیا، وزیراعظم عمران خان کو سابق ادوار میں وزارتوں کی بھی پیشکش کی گئی لیکن انہوں نے آسان راستے کی بجائے محنت والے راستے کا انتخاب کیا اور 22 سال جدوجہد کے بعد اقتدار میں آئے، نواز شریف ملک میں کرپشن کے بانی تھے، وزیراعظم عمران خان خود کرپشن نہیں کرتے وہ اپنے وزراءکو کیسے کرپشن کرنے کی اجازت دے سکتے ہیں، تحریک انصاف نے خیبرپختونخواہ میں مولانا فضل الرحمان کی سیاست دفن کر دی ہے، مولانا فضل الرحمان حکومت کے خلاف تحریک چلانے کیلئے باہر نکلے تھے، ان کی اپنی جماعت کے اندر تحریک شروع ہو گئی ہے، ان کے اپنے لوگ انہیں سلیکٹڈ کہتے ہیں، مولانا فضل الرحمان نے جو اثاثے بنائے اس کا جواب دیں۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ ملک آگے کی طرف بڑھے، ملک میں امن، سیاسی استحکام ہو اور پارلیمنٹ چلتی رہی لیکن یہاں پر صورتحال مختلف ہے، اپوزیشن جماعتوں نے پارلیمنٹ کے پہلے ہی دن وزیراعظم عمران خان کو تقریر نہیں کرنے دی اور دو سال تک اپنے بدعنوان رہنمائوں کیلئے پروڈکشن آرڈرز پر سیاست کرتی رہیں۔ شبلی فراز نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں کوئی کرپشن نہیں ہو رہی، اپوزیشن صرف اسلئے حکومت پر الزام لگاتی ہیں تاکہ ان کے اور ہمارے درمیان فرق ختم ہو جائے، اپوزیشن رہنمائوں نے کبھی یہ نہیں کہا کہ وہ کرپٹ نہیں ہیں، ہمیں کیوں پکڑا ہے، وہ کہتے ہیں کہ اس نے بھی چوری کی ہے اسے بھی پکڑیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف ملک میں کرپشن کے بانی ہیں، انہوں نے ملک میں ہارس ٹریڈنگ، چھانگا مانگا کی سیاست، ججز کو بلیک میلنگ اور ججز کی وڈیو بنانے اور اپنے حق میں فیصلے لینے کیلئے رشوت کے کلچر کو فروغ دیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ ہم پہلے پیرس، انگلینڈ یا امریکہ کی طرح رہ رہے تھے اور ہماری حکومت آنے کے بعد پاکستان صومالیہ بن گیا ہے، سابقہ حکومتوں نے قومی اداروں کو تباہ کیا، انہوں نے سٹیٹ بینک آف پاکستان، ایف بی آر، سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن اور جتنی بھی ریگولر اتھارٹیز ہیں ان میں اپنی پسند کے لوگوں کو بٹھایا جو کرپشن میں ان کی سہولت کاری کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے 15 سال کیلئے ایل این جی معاہدے کئے، شاہد خاقان عباسی جو ایل این جی کے بڑے گروہ بنتے ہیں۔ ٹی وی چینل پر ندیم بابر کے ساتھ مباحثے میں کوئی شواہد نہیں دے سکے، اسی طرح مفتاح اسماعیل کی بھی ایل این جی کے حوالے سے دستاویز غلط ہے۔ ایک سوال کے جواب میں شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو اپنی ٹیم میں تبدیلی کا صوابدیدی اختیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کو ملک کے مختلف شہروں میں جلسوں کے دوران ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا، پی ڈی ایم کہہ رہی تھی کہ مینار پاکستان بھر دیں گے اور لوگوں کا سیلاب ہو گا لیکن وہ سیلاب سوکھے ہوئے دریا ثابت ہوئے، عوام نے پی ڈی ایم کے قومی اداروں کے خلاف بیانیے کو مسترد کر دیا ہے اور ان کی اپنی جماعتوں کے اندر بھی لوگ اپنے قائدین کے بیانیے کے ساتھ نہیں ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف نے مولانا فضل الرحمان کی سیاست دفن کر دی ہے، ان کی اپنی جماعت کے سینئر ترین رہنما کہتے ہیں کہ مولانا فضل الرحمان سلیکٹڈ ہیں، جمیعت علمائے اسلام ف کے سربراہ نے جو اثاثے بنائے اس کا جواب دیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز کی کوئی سیاسی جدوجہد نہیں ہے، نواز شریف جنرل جیلانی اور جنرل ضیاءالحق کے کندھوں پر بیٹھ کر اقتدار میں آئے، وزیراعظم عمران خان کو بھی سابق ادوار میں وزارتوں کی پیشکش کی گئی لیکن انہوں نے آسان راستے کی بجائے محنت والے راستے کا انتخاب کیا اور 22 سال جدوجہد کے بعد اقتدار میں آئے۔








