اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ یکم جنوری سے مشرق وسطیٰ جانےوالے تمام محنت کشوں کو پانچ کی بجائے دس سال کے لئے پاسپورٹ جاری کیا جائےگا، چندماہ میں نیا اور جدید ای پاسپورٹ جاری کرنے کا آغاز کردیں گے، ای سروس فوری شروع کی جائے گی جبکہ 120 دن کے اندر ایکسپریس پاسپورٹ کااجرا بھی کر دیاجائے گا، ای سی ایل اور …
مشرق وسطیٰ جانےوالے تمام محنت کشوں کو یکم جنوری سے پانچ کی بجائے دس سال کے لئے پاسپورٹ جاری کیا جائےگا، چندماہ میں نیا اور جدید ای پاسپورٹ کے اجرا کا آغاز کردیں گے، وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد

مزید خبریں
اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ یکم جنوری سے مشرق وسطیٰ جانےوالے تمام محنت کشوں کو پانچ کی بجائے دس سال کے لئے پاسپورٹ جاری کیا جائےگا، چندماہ میں نیا اور جدید ای پاسپورٹ جاری کرنے کا آغاز کردیں گے، ای سروس فوری شروع کی جائے گی جبکہ 120 دن کے اندر ایکسپریس پاسپورٹ کااجرا بھی کر دیاجائے گا، ای سی ایل اور بلیک لسٹ کو محدود کیا جائے گا، مولانا فضل الرحمن سمیت 20 افراد کو شدید سکیورٹی خطرات ہیں۔مولانا فضل الرحمن نے سب کو آگے لگایا ہوا ہے، امیدہے پیپلز پارٹی بہتر کھیلے گی، مولانا انتشار پھیلانا اور مدارس کی طاقت کو اسلام آبادمیں استعمال کرنا چاہتے ہیں، سینیٹ الیکشن سے پہلے اپوزیشن استعفے نہیں دے گی۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعرات کو یہاں ڈائریکٹو ریٹ آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کے دورے،بریفنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکیا۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کے کئی افسر سالوں سے باہر کے ملکوں میں بیٹھے ہیں ، انہیں واپس لایا جائےگا۔ اس سلسلہ میں احکامات دے دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ جانے والے محنت کشوں کو پاسپورٹ اور ویزے کی معیاد ختم ہونےکی وجہ سے بہت مشکلات پیش آتی ہیں۔ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ تین ہزار فیس میں ہی انہیں 10 سال کے لئے پاسپورٹ جاری کیا جائے گا تاکہ انہیں بار بار پاسپورٹ کی تجدید کےلئے چکر نہ لگانے پڑیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ 28 اپریل سے نیا اور جدید ای پاسپورٹ لانچ کرنے جا رہے ہیں جس میں سارا ڈیٹا ہو گا۔ ا س سے پاکستانی پاسپورٹ کی قدر بڑھے گی۔ یکم جنوری سے دنیا بھر کے 191 ملکوں میں ای سروس شروع کررہے ہیں۔ آج سے ایس ایم ایس سروس کا آغازکیاجا رہا ہے تاکہ پاسپورٹ کی معیاد ختم ہونے سے پہلے ہی خبردار کر دیا جائے اور شہری بروقت پاسپورٹ کی تجدید کراسکیں۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن پاسپورٹ سروس میں تھوڑا وقت لگے گا ۔ اس سلسلہ میں اقدامات کررہے ہیں۔ انہوں نے خبر دار کیا کہ سمگل شدہ پٹرولیم مصنوعات فروخت کرنے والے 7 دن کے اندر یہ سلسلہ بند کر دیں ، ورنہ ان کے پمپ بند کردیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ 120 دنوں کے اندر ایکسپریس پاسپورٹ کااجراکریں گے جس کے ذریعے ایک دن میں پاسپورٹ حاصل کیاجا سکے گا۔ پاسپورٹس کی ہوم ڈلیوری اسلام آباد میں کی جا رہی ہے۔ راولپنڈی میں بھی اسے فوری طور پر شروع کیاجائےگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہدری پرکام کرنے والے چینی شہریوں کو ویزوں کے اجرا کے لئے نظام کو بہتر بنائیں گے۔ ای سی ایل کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ کابینہ نے میری سربراہی میں چار رکنی کمیٹی بنائی ہے ، اس وقت ایف آئی اے کی بلیک لسٹ میں 66 ہزار اور امیگریشن اور پاسپورٹ کی لسٹ میں 44 ہزار نام موجود ہیں۔ میں نے ہدایت کی ہے کہ اس فہرست کو محدود کیاجائے اور صرف سنگین جرائم اور ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث افراد کو اس فہرست میں رکھیں۔ باقی نام نکال دیئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کیا جائے گا۔ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کی معاشی صورتحال خراب ہے کیونکہ 6 ، 6 ارب کی بجائے 2،2 ارب کا بجٹ ملا۔ ان کی صورتحال کو بہتر بنائیں گے۔ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کے لئے بڑی فنڈنگ کی ضرورت ہے۔ مولانا فضل الرحمن کی سکیورٹی سے متعلق سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کی سکیورٹی واپس نہیں لی جا رہی ۔ 20 افراد کی فہرست میں ان کا نام سرفہرست ہے۔ میرا کام آگاہ کرنا ہے جو میں نے کردیا۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ کل مجھ پر ہی مقدمے بنیں، جیسا کہ بینظیر کیس میں کیا گیا کہ جن لوگوں نے سلامتی کے خطرات سے آگاہ کیا انہیں ہی نامزد کر دیا گیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن انتشاراور خلفشار پھیلانا چاہتے ہیں اور مدارس کی طاقت کو اسلام آباد میں استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ ان سے درخواست ہی کر سکتا ہوں کہ خود پر، جمہوریت پر اور اس ملک پر رحم کریں۔سیاسی کارکن کی حیثیت سے میراتجزیہ ہے کہ مولانا نے ہی سب کو آگے لگایا ہوا ہے لیکن مجھے امید ہے کہ پیپلز پارٹی بہتر کھیلے گی اور اپوزیشن سینیٹ الیکشن سے پہلے استعفے نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے پی ڈی ایم کے استقبال کے حوالے سے ابھی مجھے کوئی احکامات نہیں دیئے۔ میرا سیاسی تجزیہ ہے کہ ابھی پی ڈی ایم استعفوں کی طرف نہیں جائے گی اور اپوزیشن سینیٹ الیکشن میں حصہ لے گی۔پیپلزپارٹی نے اس لئے ضمنی الیکشن کے لئے درخواست دی ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم ہماری اتحادی ہے، وہ ناراض نہیں ہو گی۔ آئندہ دنوں میں کراچی جائوں گا تو نائن زیرو بھی جائوں گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہو ں نے کہا کہ ویزہ آن آرائیول وزیراعظم کی ہدایت ہے۔اس سلسلہ میں کام کر رہے ہیں۔








