وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا مصر کے ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ

اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):پاکستان اور مصر نے دوطرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ کے لئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جمعرات کو مصر کے اپنے ہم منصب سامح شکری کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا۔بات چیت کے دوران پاکستان اور مصر کے مابین …

اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):پاکستان اور مصر نے دوطرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ کے لئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جمعرات کو مصر کے اپنے ہم منصب سامح شکری کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا۔بات چیت کے دوران پاکستان اور مصر کے مابین مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ، خطے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور مصر کے مابین دو طرفہ برادرانہ تعلقات ،یکساں مذہبی و تہذیبی اقدار کی بنیاد پر استوار ہیں۔دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور مصر کے مابین دو طرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ کے لئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اقوام متحدہ، او آئی سی سمیت اہم عالمی فورمز پر پاکستان اور مصر کے نقطہء نظر میں مماثلت خوش آئند ہے۔وزیر خارجہ نے اپنے مصری ہم منصب کی توجہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی جانب مبذول کرواتے ہوئے، مظلوم کشمیریوں کو بھارتی جبرو استبداد سے نجات دلانے کیلئے، عالمی برادری کی طرف سے موثر کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ وزیر خارجہ نے نیامے میں منعقدہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 47ویں اجلاس کے موقع پر مقبوضہ جموں وکشمیر اور اسلاموفوبیا کے حوالے سے پیش کردہ قراردادوں کی حمایت پر مصری وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور مصر کے مابین، باہمی دلچسپی کے مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ اور اہم علاقائی و عالمی امور پر مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔