پی آئی اے قومی اثاثہ اور اس کا ماضی تابناک ہے،وزیراعظم عمران خان کا پی آئی اے کے حوالے سے اجلاس سے خطاب

اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):وزیرِ اعظم عمران خان نے پی آئی اے کو قومی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ائیر لائن کا ماضی تابناک ہے، پی آئی اے کو بین الاقوامی سطح پر اپنا مقام واپس حاصل کرنے اور اسے منافع بخش بنانے کیلئے اس کی سروس کو بین الاقوامی معیار کے عین مطابق بنانا ہوگا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو پی آئی اے …

اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):وزیرِ اعظم عمران خان نے پی آئی اے کو قومی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ائیر لائن کا ماضی تابناک ہے، پی آئی اے کو بین الاقوامی سطح پر اپنا مقام واپس حاصل کرنے اور اسے منافع بخش بنانے کیلئے اس کی سروس کو بین الاقوامی معیار کے عین مطابق بنانا ہوگا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو پی آئی اے کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان، مشیر ڈاکٹر عشرت حسین، سینیٹر نعمان وزیر خٹک، سیکریٹری ایوی ایشن شوکت علی، ائیرمارشل (ریٹائرڈ) ارشد ملک سی ای او، پی آئی اے، ڈی جی سول ایوی ایشن اور متعلقہ اعلی افسران نے شرکت کی۔ڈاکٹر عشرت حسین نے اجلاس کو پی آئی اے کی تنظیم نو کی حکمتِ عملی کے بارے میں آگاہ کیا جس سے نہ صرف پی آئی اے کی مالی حالت میں بہتری لائی جا سکے گی بلکہ اس کے منافع بخش روٹ بڑھا کر بین الاقوامی خطوط پر سروس فراہم کی جا سکے گی۔ ائیر مارشل (ریٹائرڈ) ارشد ملک نے وزیرِ اعظم کو پی آئی اے کی بہتری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات اور ان سے ادارے پر مرتب ہونے والے مثبت اثرات سے آگاہ کیا. وزیرِ اعظم نے پی آئی اے کی تنظیمِ نو کی حکمتِ عملی پر جلد از جلد تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورتی عمل مکمل کرکے عملی جامہ پہنانے کی ہدایات دیں. وزیرِ اعظم نے پی آئی اے کو قومی اثاثہ قرار دیتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ قومی ائیر لائنز کا ماضی تابناک ہے، پی آئی اے کو بین الاقوامی سطح پر اپنا مقام واپس حاصل کرنے اور اس کے آپریشنز کو منافع بخش بنانے کیلئے اس کی سروس کو بین الاقوامی معیار کے عین مطابق بنانا ہوگا۔