وزارت آئی ٹی کی شاندار کارکردگی : آئی ٹی انڈسٹریز میں 65 کروڑ ڈالرز کی برآمدی ترسیلات، ریکارڈ 38 فیصد اضافہ

اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پی):وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کی شاندار کارکردگی کی بناء پر رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران 648.840 ملین ڈالر کی برآمدی ترسیلات 38.16 فیصد کی شرح سے حاصل کرلی گئی ہیں۔ گزشتہ مالی سال کے جولائی تا نومبر میں یہ حجم 469.713 ملین ڈالر تھا جس میں اس مرتبہ 38 فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے۔ اس طرح گزشتہ دو برسوں …

اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پی):وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کی شاندار کارکردگی کی بناء پر رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران 648.840 ملین ڈالر کی برآمدی ترسیلات 38.16 فیصد کی شرح سے حاصل کرلی گئی ہیں۔ گزشتہ مالی سال کے جولائی تا نومبر میں یہ حجم 469.713 ملین ڈالر تھا جس میں اس مرتبہ 38 فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے۔ اس طرح گزشتہ دو برسوں میں اضافے کی شرح 13 سے بڑھ کر 38 فیصد تک جا پہنچی ہے۔ پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے تحت ریکارڈ برآمدی ترسیلات کال سینٹرز، کمپیوٹر سروسز اور دیگر خدمات کی مد میں حاصل کی گئی ہیں۔ وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکشن سید امین الحق نے پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی شعبے میں نمایاں ترقی ہمارے انقلابی اقدامات کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 3 برسوں میں آئی ٹی مصنوعات کی برآمدات کیلئے 5 ارب ڈالرز کا ہدف مقرر کیا گیا ہے انشاء اللہ اس ہدف کو پورا کیا جائے گا۔ سید امین الحق نے کہا کہ وزارت آئی ٹی کے تمام شعبوں میں ڈیجیٹل پاکستان ویژن کی تکمیل کیلئے تیزی سے کام ہورہا ہے۔ براڈ بینڈ اور فائبر آپٹکس کیلئے یونیورسل سروس فنڈ کے تحت 5 ماہ میں 14 ارب روپے کےریکارڈ منصوبے منظور کئے گئے اسی طرح ایس سی او کے تحت گلگت بلتستان میں براڈ بینڈ سروسز اور ٹرپل بنڈل سروسز ( انٹرنیٹ، کیبل ٹی وی، ٹیلی فون) کا جلد آغاز ہوجائے گا۔ وفاقی وزیر کے مطابق اگنائٹ اور این آئی ٹی بی کے تحت ملک بھر میں آئی ٹی پارکس اور مزید انکوبیشن سینٹرز کے قیام کے منصوبے بنا لئے گئے ہیں جبکہ ای گورنمنٹ، ای گورننس اور ای پارلیمنٹ پر تیزی سے کام جاری ہے اسی طرح وزارت آئی ٹی کی کاوشوں سے پاکستان میں اسمارٹ فون کی تیاری کیلئے تمام مراحل بھی مکمل ہوچکے ہیں۔ وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق کا کہنا ہے کہ ہم ہر وہ قدم اٹھا رہے ہیں جس سے ڈیجیٹل پاکستان وژن کی تکمیل کے ساتھ پاکستان اور پاکستانی عوام کو سہولیات اور ملک کی معیشت کو استحکام حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں وزارت آئی ٹی کو خاص اہمیت حاصل نہیں رہی اور ہمیشہ اس شعبے کو ایک عضو معطل کی طرح رکھا گیا لیکن موجودہ حکومت میں وزارت آئی ٹی کی شاندار کارکردگی اس کی اہمیت و افادیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو وسیع پیمانے پر سہولیات اور مراعات دی جارہی ہیں تاکہ بیرونی کمپنیاں یہاں آئیں اور اس ابھرتی ہوئی مارکیٹ میں سرمایہ لگا کر منافع حاصل کرسکیں اس طرح نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا ہورہے ہیں بلکہ ملکی معیشت کو بھی استحکام ملتا رہے گا۔ یاد رہے کہ جون 2025 تک آئی ٹی اور آئی ٹی برآمدات پر زیرو انکم ٹیکس کی سہولت دی گئی ہے جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو 100 فیصد مالکانہ حقوق کے ساتھ 100 فیصد منافع لے جانے کی بہتری سہولت حاصل ہوگی یہ سب اس لئے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کا ماحول سازگار اور غیر ملکی سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کو ترغیب مل سکے۔ اسی طرح یہ کہا جاسکتا ہے کہ آئی ٹی مصنوعات میں یہ شرح نمو خاص طور پر موجودہ عالمی معاشی چیلنجوں کو مدنظر رکھتے ہوئے قابل ستائش ہے جس میں پاکستان کے آئی ٹی انڈسٹری کے ایکو سسٹم کی لچک کا مظاہرہ کیا گیا ہے اور یہ اضافہ پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری کے پیشہ ور افراد کے لئے بھی ایک خوشی کی خبر ہے۔ اعدا ود و شمار کے مطابق پاکستان کا آئی ٹی سیکٹر 100 سے زائد ممالک میں مصنوعات اور خدمات برآمد کرتا ہے اور دنیا کی بڑی کمپنیاں اس کی باقاعدہ کلائنٹس ہیں۔ اس کے ساتھ ہی موجودہ شرح نمو یہ بھی ثابت کررہی ہے کہ پاکستان کا آئی ٹی سیکٹر ملک کی معیشت میں خالص خدمات برآمد کرنے کی سب سے بڑی صنعت ہے۔ پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر ،عثمان ناصر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ وزیر آئی ٹی سید امین الحق کے مقرر کردہ ہدف کے مطابق سال 2023 تک ملک کے آئی ٹی سیکٹر سے 5 بلین امریکی ڈالر کی ترسیلات زر حاصل کرنے کے لئے ہر ممکن کوششیں کی جارہی ہیں۔ پی ایس ای بی مارکیٹنگ ، انفراسٹرکچر ،کیپیٹل کی دستیابی ، پالیسی اور مشاورت ، ایچ آر اور بزنس ڈویلپمنٹ میں بڑے بڑے اقدامات پر کام کر رہا ہے۔ فنڈ چینلز تک رسائی سمیت تمام اہم شعبوں میں شروع میں زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کی بھی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ای بی کی بین الاقوامی سطح پر معروف عالمی کاروباری ترقی اور مارکیٹنگ تنظیم کی حیثیت سے تشکیل نو کی جا رہی ہے ، جو آئی ٹی انڈسٹری کو نہ صرف ملکی سطح پر بلکہ بین الاقوامی طور پر نمایاں ترقی میں مدد فراہم کرےگی ۔

مزید خبریں