پاک بحریہ نےزمین سے فضا میں مار کرنے والےمیزائل داغنے کا مظاہرہ کیا

88

اسلام آباد۔30دسمبر (اے پی پی):پاک بحریہ کے ایئر ڈیفنس یونٹس نے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل داغنے اور اپنی جنگی تیاری کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی اس موقع پر مہمانِ خصوصی تھے۔ پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق داغے جانے والے میزائلوں نے اپنے اپنے اہداف کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا۔ میزائلوں کی یہ کامیاب فائرنگ پاک بحریہ کی جنگی صلاحیتوں اور حربی قابلیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں اور قومی سمندری مفادات کی حفاظت کے سلسلہ میں تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ میزائل فائرنگ کے موقع پر نیول چیف نے آفیسرز اور جوانوں کے جذبے اور پیشہ وارانہ قابلیت کو سراہا۔ انہوں نے سمندری محاذ کے دفاع اور دشمن کی جانب سے کسی بھی کاروائی کا بھرپور جواب دینے کے لیے ہمہ وقت چوکس رہنے پر زور دیا۔