او آئی سی کشمیر رابطہ گروپ کا کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی منصفانہ جدوجہد کے لئے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اظہار

اقوام متحدہ ۔6فروری (اے پی پی):اسلامی تعاون کی تنظیم کے رابطہ گروپ برائے جموں و کشمیر نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے سلسلہ میں ان کی منصفانہ جدوجہد کے لئے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اظہار کیا ہے ۔ رابطہ گروپ کا اجلاس گزشتہ روز نیو یارک میں ہوا جس میں پاکستان ، ترکی ، سعودی عرب ، نائیجر ، آذربائیجان کے مستقل …

اقوام متحدہ ۔6فروری (اے پی پی):اسلامی تعاون کی تنظیم کے رابطہ گروپ برائے جموں و کشمیر نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے سلسلہ میں ان کی منصفانہ جدوجہد کے لئے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اظہار کیا ہے ۔ رابطہ گروپ کا اجلاس گزشتہ روز نیو یارک میں ہوا جس میں پاکستان ، ترکی ، سعودی عرب ، نائیجر ، آذربائیجان کے مستقل نمائندوں نے شرکت کی، یہ اجلاس یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ہوا ۔ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کی نمائندگی اقوام متحدہ میں اسلامی کانفرنس کی تنظیم کے مبصر مشن کے خصوصی نمائندہ آگشن مہدی یوف نے کی ۔پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سفارتی سطح پر اسلام آباد سے خطاب کیا ۔ انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی بدترین صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ مقبوضہ وادی پر بھارت کے 550 روزہ محاصرے سے صورتحال انتہائی خراب ہوئی ہے جہاں پہلے ہی لوگوں کے لئے بدترین انسانی حالات ہیں ۔ نیو یارک میں رابطہ گروپ کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارت کی جانب سے بنیادی انسانی حقوق کی جاری خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ رابطہ گروپ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل ، سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کی کونسل سے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں روکنے کے لئے بھارت پر زور دیا جائے جس نے 5اگست 2019 کو مقبوضہ وادی میں یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کئے ۔ رابطہ گروپ نے مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کے لئے استصواب رائے کرانے کے لئے سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرنے پر زور دیا ۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی پر حمایت کے لئے اسلامی امہ کی آواز کو موثر طور بلند کرنے پر او آئی سی کے رابطہ گروپ سے اظہار تشکر کیا ۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی توجہ مبذول کرانے پر رابطہ گروپ کے نیو یارک چیپٹر کی بھی تعریف کی ۔