پاکستانی سفارت خانہ اور چائنہ پپٹ آرٹ تھیٹر کے زیر اہتمام پاک چین تہذیبی و ثقافتی ورثہ

بیجنگ۔21مارچ (اے پی پی):پاک چین تہذیبی و ثقافتی ورثہ کو اجاگر کرنے کے لئے پاکستانی سفارت خانہ اور چائنہ پپٹ آرٹ تھیٹر نے رفیع پیر تھیٹر ورکشاپ کے تعاون سے ثقافتی تقریب چائنہ پپٹ آرٹ تھیٹر کے گرینڈ تھیٹر میں منعقد کی۔ یہ تقریب ورلڈ پپٹ ڈے کے حوالے سے پاکستان اور چین کے مابین سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ منانے کی ایک سالہ تقریبات کا حصہ …

بیجنگ۔21مارچ (اے پی پی):پاک چین تہذیبی و ثقافتی ورثہ کو اجاگر کرنے کے لئے پاکستانی سفارت خانہ اور چائنہ پپٹ آرٹ تھیٹر نے رفیع پیر تھیٹر ورکشاپ کے تعاون سے ثقافتی تقریب چائنہ پپٹ آرٹ تھیٹر کے گرینڈ تھیٹر میں منعقد کی۔ یہ تقریب ورلڈ پپٹ ڈے کے حوالے سے پاکستان اور چین کے مابین سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ منانے کی ایک سالہ تقریبات کا حصہ تھی۔ اتوار کو جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق تقریب میں اعلیٰ حکام، سفارتی نمائندوں، اکیڈمیا، تھنک ٹینکس، ثقافتی اداروں، پاکستانی کمیونٹی اور پاکستان اور چین کے سکولوں کے بچوں سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

پپٹ شو سمیت ثقافتی ورثہ کی رنگا رنگ اور پرکشش نمائش اگلی نسل کو روایتی برادرانہ تعلقات منتقل کرنے اور نئے دور میں مشترکہ مستقبل کی ایک کمیونٹی تشکیل دینے کے لئے پاکستان اور چین کے رہنماﺅں کے وژن کے مطابق تھی۔ ثقافتی اور وفود کے تبادلے ہم آہنگی، دوستی اور لوگوں کی تاریخ کو فروغ دینے کے لئے اہم ہیں۔ پپٹ شو کا فن صدیوں سے چلا آ رہا ہے اور فنکارانہ انداز میں اس نے دونوں ممالک کی لوک ثقافت، افسانوں اور کہانی سنانے کی روایات کو گرفت میں لیا ہے۔ شرکاءنے پاکستانی اور چین کے فنکاروں کے انداز اور تکنیک میں یکسانیت کا مشاہدہ کیا۔ اپنے استقبالیہ کلمات میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے پاکستان اور چین کے ثقافتی ورثہ کی نمائش اور تقریب کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے دوطرفہ تعاون کی نئی منازل تک پہنچنے کے لئے دونوں ممالک کے اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کیلئے گہرے ثقافتی روابط کی ضرورت پر زور دیا۔ پارٹی سیکریٹری اور بیجنگ پرفارمنس اینڈ آرٹ گروپ کی چیئرپرسن مس ژاﺅ جیا چن، چائنہ پپٹ آرٹ تھیٹر کی صدر مس ژاﺅ یونگ ژانگ، رفیع پیر تھیٹر ورکشاپ کے ڈائریکٹر سادان پیرزادہ اور یونیسکو کی پروگرام سپیشلسٹ برائے کلچر مس ہمال چولی گورنگ نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ انہوں نے تفریح کے ذریعے تعلیم کی اہمیت اور آئندہ نسلوں کے لئے ثقافتی اور روایتی فنون پر روشنی ڈالی۔

اس موقع پر رفیع پیر تھیٹر ورکشاپ اور چائنہ پپٹ آرٹ تھیٹر نے تعاون کیلئے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط بھی کئے۔ دونوں اطراف نے متعلقہ میوزیم کے لئے اپنی لوک داستانوں اور افسانوں سے مقبول کرداروں کو پیش کرنے والے پپٹس کا بھی تبادلہ کیا۔