بین الاقوامی—آئی ایم ایف۔۔۔غریب ممالک بحالی غریب ممالک کی معاشی بحالی کے لئے 550 ارب ڈالر درکار ہیں، آئی ایم ایف

81
IMF
IMF

واشنگٹن۔9اپریل (اے پی پی):بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف ) نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی صورتحال سے غریب ممالک بری طرح متاثر ہوئے جن کی معاشی بحالی کے لئے مجموعی طور پر 550 ارب ڈالر درکار ہیں ۔آئی ایم ایف نے یہ بات اپنی حالیہ رپورٹ میں کہی۔ عالمی ادارے نے کہا ہے کہ دنیا کے کم آمدنی والے اور غریب ممالک کو کووڈ۔19 کے بحران سے عہدہ برآ ہونے کے لئے مجموعی طور پر 550 ارب ڈالر کی ضرورت کا تخمینہ ہے۔ ان اخراجات کی تکمیل کے لئے بین الاقوامی سطح پر مربوط اقدامت نا گزیر ہیں۔

فنڈ نے کہا کہ غریب ممالک کو کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے 2025 تک 200 ارب ڈالر کی ضرورت ہے، امیر ممالک جیسی ترقی حاصل کرنے کے لئے کم آمدنی والی اور غربت زدہ اقوام کو مزید 250 ارب ڈالر کی ضرورت ہوگی ، مزید برآں پائیدار معاشی استحکام کے لئے ایسے ملکوں کو اضافی 100 ارب ڈالر درکار ہوں گے۔ رپورٹ کے مطابق کم آمدنی ممالک کی معاشی بحالی متاثر ہونے کی مختلف وجوہات ہیں جن میں سر فہرست کورونا ویکسین کی عدم دستیابی ہے۔ عالمی برادری کے اقدامات سے ابھی تک کم آمدن والے ممالک کی 20 فیصد آبادی کے لئے ہی ویکسین خریدی جا سکتی ہے۔

اسی طرح ان ممالک کے پاس وسائل کی کمی کے باعث مختلف بحرانوں میں اضافی اخراجات کے لئے فنڈز کی عدم دستیابی بھی ایک مسئلہ ہے۔ مزید برآں مختلف مسائل کے خاتمہ کے لئے نئے فندز کے حصول سے ان ممالک کے قرضوں کے حجم میں بہت زیادہ اضافے کا خدشہ بھی ہے۔آئی ایم ایف نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ غریب اور کم آمدنی والے ممالک کے بنیادی مسائل کے خاتمے کے لئے مربوط حکمت عملی کے تحت زیادہ سے زیادہ فنڈز کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔