سنچورین۔14اپریل (اے پی پی):پاکستان نے جنوبی افریقہ کو تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کرلی، 204 رنز کا ہدف پاکستان نے 18 اوورز میں ہی پورا کرلیا، کپتان بابراعظم نے ٹی ٹونٹی کیریئر کی پہلی سنچری سکور کی، وہ کرکٹ کے تینوں فارمیٹ میں سنچری بنانے والے تیسرے پاکستانی بلے باز بن گئے، محمد رضوان …
پاکستان نے جنوبی افریقہ کو تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں 9 وکٹوں سے شکست دے دی، کپتان بابراعظم کی شاندار سنچری، پاکستان کو سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل

مزید خبریں
سنچورین۔14اپریل (اے پی پی):پاکستان نے جنوبی افریقہ کو تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کرلی، 204 رنز کا ہدف پاکستان نے 18 اوورز میں ہی پورا کرلیا،
کپتان بابراعظم نے ٹی ٹونٹی کیریئر کی پہلی سنچری سکور کی، وہ کرکٹ کے تینوں فارمیٹ میں سنچری بنانے والے تیسرے پاکستانی بلے باز بن گئے، محمد رضوان نے 73 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، بابراعظم کو شاندار سنچری سکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
بدھ کو سنچورین میں کھیلے گئے 4 ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ جنوبی افریقہ نے مقررہ 20 اوورز میں203 رنز بنائے۔ پروٹیز کی طرف سے جانیمن ملان اور ایڈن مارکرم نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 108 رنز بنائے۔
مارکرم نے ٹی ٹونٹی سیریز کے تیسرے میچ میں مسلسل تیسری نصف سنچری سکور کی۔ وہ31 بالوں پر63 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ جانیمن ملان نے55 رنز کی اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں لنڈے 22، کلاسن 15 ، فلواکیو11 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ وان ڈر ڈوسن 34 سکور بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔
پاکستان کی طرف سے محمد نواز نے دو وکٹیں حاصل کیں، شاہین شاہ آفریدی، فہیم اشرف اور حسن علی نے ایک ایک جنوبی افریقی کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ پاکستان نے 204 رنز کا مطلوبہ ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر 18اوورز میں ہی حاصل کرلیا۔
پاکستان کی طرف سے کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا، دونوں بلے بازوں نے گرائونڈ کے چاروں طرف شاندار شارٹس کھیلیں۔ بابراعظم اور محمد رضوان نے پہلی وکٹ پر 197 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔ کپتان بابر اعظم 59 بالوں پر 122 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ ان کی اننگز میں 4 چھکے اور 15 چوکے شامل ہیں۔
یہ بابراعظم کی ٹی ٹونٹی میچوں میں پہلی سنچری ہے۔ محمد رضوان 73 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔ جنوبی افریقہ کی طرف سے واحد وکٹ لیزاڈ ولیمز نے حاصل کی۔ اس طرح پاکستان نے جنوبی افریقہ کو تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں 9 وکٹوں سے شکست دے کر 4 ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز میں 2-1 سے برتری حاصل کرلی ہے۔








