سعودی عرب نے سیاحت کے فروغ اور غیر ملکی سیاحوں کو مزید سہولت فراہم کرنے کے لیے پیکیج ویزا کے نام سے نئی ڈیجیٹل سہولت متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت اب سیاحتی ویزا کی درخواست براہِ راست سفری پیکیج کی بکنگ کے ساتھ منسلک ہوگی
سعودی عرب کا سیاحت کے فروغ کے لئے ڈیجیٹل سیاحتی پیکیج ویزا متعارف کروانے کا اعلان

مزید خبریں
ریاض۔7جولائی (اے پی پی):سعودی عرب نے سیاحت کے فروغ اور غیر ملکی سیاحوں کو مزید سہولت فراہم کرنے کے لیے پیکیج ویزا کے نام سے نئی ڈیجیٹل سہولت متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت اب سیاحتی ویزا کی درخواست براہِ راست سفری پیکیج کی بکنگ کے ساتھ منسلک ہوگی۔ اس سہولت کا آغاز فی الحال چند منتخب ممالک میں مخصوص ٹریول ایجنسیوں کے ذریعے کیا جارہا ہے ، بعد میں اسے مزید ممالک تک بھی پھیلا دیا جائے گا۔ یہ اقدام سیاحوں کےلئے سعودی عرب کے سفر میں آسانی پیدا کرنے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے ۔ سیاحتی ای ویز ا کے اجرا کے بعد سعودی حکام نے مملکت کا سفر کرنے کے متعدد نئے طریقے متعارف کروائے جن میں ویزا آن آرائیول اور سٹاپ اوور ویزا شامل ہے۔ ان اقدامات کی وجہ سے سعودی عرب میں سیاحت کو تیزی سے فروغ حاصل ہوا اور 2025 میں29 ملین سے زائد غیر ملکی سیاح سعودی عرب آئے۔ ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی وزیر برائے سیاحت احمد الخطیب نے کہا کہ سعودی عرب کا سیاحتی شعبہ تیزی سے ترقی کررہا ہے، پیکیج ویزا سیاحوں کےلئے سعودی عرب کے سفر کو مزید آسان اور باسہولت بنانے کے ہمارے عزم کا عکاس ہے۔ویزا کے اجرا کو سفری بکنگز کے ساتھ مربوط کرکے ہم سیاحوں کے سفر کو آسان اوران کے سفری تجربات کو مزید شاندار بنار ہے ہیں۔یہ اقدام ٹورازم ایکو سسٹم میں اشتراک کو نہ صرف مضبوط بنائے گا بلکہ سیاحوں کےلئے سعودی عرب کو زیادہ قابل رسائی عالمی مقام بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔ سیاحوں کےلئے پیکیج ویزا کا مطلب سفر کی منصوبہ بندی سے لے کر سعودی عرب پہنچنے اور قیام سے لطف اندوز ہونے تک کا عمل نہایت آسان ہے۔ اس نئے نظام کے ذریعے اہل مسافر ایک ہی جگہ سے فلائٹس، ہوٹل، ویزا، ایونٹس اور دیگر سیاحتی سرگرمیوں کی بکنگ کر سکیں گے جس سے سفر پہلے سے کہیں زیادہ آسان، منظم اور سہل ہو جائے گا۔سفری سہولیات فراہم کرنے والی مستند ٹریول ایجنسیوں کےلئے یہ اقدام سیاحوں کو زیادہ پرکشش سفری پیکیج فراہم کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ سیاحوں کےلئے سفر کو ہموار بنانے اور ان کے قابلِ اعتماد تجربے کو یقینی بنانے کے لیے پیکیج ویزا صرف ان مستند ٹریول اور ٹورازم سروس فراہم کنندگان کے ذریعے دستیاب ہوگا جو سروس کے واضح معیارات پر پورا اترتے ہیں اور 24/7 کسٹمر سپورٹ فراہم کرتے ہیں۔ جیسا کہ سعودی عرب ملک میں سیاحتی شعبہ کو فروغ دینے کےلئے کوشاں ہے، پیکیج ویزا سعودی عرب آنے والوں کےلئے سفر کو اور زیادہ آسان، زیادہ مربوط اور ہموار بنانے کی طرف اہم قدم ہے۔







