سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت منگل کو اقبال ٹاون اور صدر ڈویژن کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ اجلاس منعقد ہوا
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت اقبال ٹائون و صدر ڈویژن کی مجموعی کارکردگی بارے جائزہ اجلاس

مزید خبریں
لاہور۔7جولائی (اے پی پی):سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت منگل کو اقبال ٹاون اور صدر ڈویژن کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ چہلم حضرت امام حسین اور عرس حضرت داتا گنج بخش کے موقع پر بھی سخت حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔اجلاس کے دوران سی سی پی او لاہور نے منشیات فروشوں اور جوئے کے اڈوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاون جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ فنانشل کرائمز کے مقدمات کی تفتیش پر خصوصی توجہ دی جائے۔ کسی بھی بے گناہ شہری کی گرفتاری ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی ۔بلال صدیق کمیانہ نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ گیٹڈ کمیونٹیز کے فروغ کے لیے ہاوسنگ سوسائٹیز کی انتظامیہ کو اعتماد میں لیا جائے، جبکہ دیہی علاقوں میں نقب زنی کی وارداتوں کی روک تھام کے لیے ٹھیکری پہرہ مزید فعال بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ رہائشی علاقوں میں سکیورٹی بیریئرز کی تنصیب کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور اس عمل کو مزید موثر بنایا جائے۔سی سی پی او نے شہر بھر میں ڈالہ کلچر، غیر قانونی اسلحے کی نمائش اور کالے شیشوں والی گاڑیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ترجمان پولیس کیمطابق اجلاس میں ڈی آئی جی عمران کشور، ڈی آئی جی فیصل کامران، ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید، ایس ایس پی آپریشنز توقیر محمد نعیم، اقبال ٹاون اور صدر ڈویژن کے ایس پیز، اے ایس پیز، سرکل افسران، ایس ایچ اوز اور انچارجز انویسٹی گیشن نے شرکت کی۔







