خلیج تعاون کونسل اور اٹلی کے درمیان سٹریٹجک تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) اور اٹلی نے روم میں سیاسی مکالمے، نالج کے تبادلے اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔

روم۔7جولائی (اے پی پی):خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) اور اٹلی نے روم میں سیاسی مکالمے، نالج کے تبادلے اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ اردو نیوز کے مطابق مفاہمتی یادداشت پر جی سی سی کے سیکرٹری جنرل جاسم البدیوی اور اٹلی کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ انتونیو تاجانی نے گزشتہ روز دستخط کیے ۔ جی سی سی کے ایکس اکاؤنٹ پر بیان میں جاسم البدیوی نے کہا کہ جی سی سی کے رکن ممالک اور اٹلی کے درمیان تعلقات مختلف شعبوں میں مسلسل فروغ پا رہے ہیں، جس کی بنیاد قریبی تعلقات اور باہمی مفادات پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مفاہمتی یادداشت مشترکہ مفاد کے متعدد شعبوں میں شراکت داری اور تعاون کے مشترکہ میکانزم کو بڑھا کر جی سی سی اور اٹلی کے درمیان ہم آہنگی کو مزید مستحکم کرے گی۔ جی سی سی اور اٹلی نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ مفاہمتی یادداشت تعاون کی نئی راہیں کھولے گی اور مشترکہ اہداف کی سپورٹ کے لیے رابطوں اور ہم آہنگی کو مزید مضبوط کرے گی۔