پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری سے دس ماہ کے دوران حاصل ہونے والے 1.214 ارب ڈالر کے منافع جات بیرون ملک بھجوائے گئے ہیں،سٹیٹ بینک

اسلام آباد۔2جون (اے پی پی):رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ کے دوران پاکستان میں کی گئی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) سے حاصل ہونے والے 1.214 ارب ڈالر کے منافع جات بیرون ملک بھجوائے گئے ہیں۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا اپریل 2020ء کے دوران مالیاتی شعبہ (بینکس) وغیرہ سے حاصل 280.6 ملین …

اسلام آباد۔2جون (اے پی پی):رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ کے دوران پاکستان میں کی گئی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) سے حاصل ہونے والے 1.214 ارب ڈالر کے منافع جات بیرون ملک بھجوائے گئے ہیں۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا اپریل 2020ء کے دوران مالیاتی شعبہ (بینکس) وغیرہ سے حاصل 280.6 ملین ڈالر منافع بیرون ملک منتقل کئے گئے۔

اس طرح مالیات کا شعبہ منافع جات کی بیرون ملک منتقلی میں سرفہرست رہا ہے۔ اسی طرح دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ منافع کی منتقلی مواصلات کے شعبہ سے کی گئی ہے جس کا حجم 123.8 ملین ڈالر رہا ہے جبکہ تیل و گیس کی تلاش کے شعبہ سے حاصل منافع جات کی بیرون ملک منتقلی کا حجم 97 ملین ڈالر رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق فوڈ سیکٹر میں کی گئی ایف ڈی آئی سے حاصل 119.5 ملین ڈالر کے منافع جات سرمایہ کاری کرنے والے ممالک کو بھجوائے گئے ہیں۔

مزید برآں ٹرانسپورٹ کے شعبہ سے حاصل ہونے والے 112.4 ملین ڈالر جبکہ تمباکو اور سگریٹ وغیرہ کے شعبہ سے 83 ملین ڈالر اور کیمیکلز کے شعبہ میں کی گئی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والے 83 ملین ڈالر کا منافع جات کی بیرون ملک منتقلی کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے دوران ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کرنے والے اداروں کے منافع جات میں اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے جو ملک میں کاروباری و صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کا عکاس ہے۔