انگلینڈ نے پاکستان کو تیسرے ون ڈے کرکٹ میچ میں 3 وکٹوں سے ہرا کر مشن کلین سویپ مکمل کرلیا، جیمز ونس میچ ، ثاقب محمود سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے

برمنگھم۔14جولائی (اے پی پی):انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے پاکستان کو تیسرے اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 3 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز کلین سویپ کرلی۔ فاتح ٹیم نے 332 رنز کا مشکل ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر 48 ویں اوورز میں حاصل کرلیا، جیمز ونس نے 102 رنز کی شاندار انفرادی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا …

برمنگھم۔14جولائی (اے پی پی):انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے پاکستان کو تیسرے اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 3 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز کلین سویپ کرلی۔

فاتح ٹیم نے 332 رنز کا مشکل ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر 48 ویں اوورز میں حاصل کرلیا، جیمز ونس نے 102 رنز کی شاندار انفرادی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا ۔

پاکستان ٹیم کے کپتان بابراعظم کی 158 رنز کی عمدہ اننگز بھی اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچاسکی۔ جیمز ونس کو عمدہ بیٹنگ پر میچ جبکہ ثاقب محمود کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ایجبسٹن، برمنگھم میں کھیلے گئے تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں انگلینڈ کے کپتان بین سٹوکس نے ٹاس جیت کر پہلے بائولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 331 رنز بناکر انگلینڈ کی ناتجربہ کار ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے پہاڑ جیسا 332 رنز کا ہدف دیا۔ کپتان بابراعظم 158، محمد رضوان 74 اور امام الحق 56 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، ان کے علاوہ کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی وکٹ پر نہ ٹھہر سکا اور گرین سرٹس کے 7 کھلاڑی ڈبل ڈیجٹ بھی عبور نہ کر سکے۔

برائیڈن کارسی نے پانچ، ثاقب محمود نے تین اور میتھیو پارکنسن نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ جواب میں انگلینڈ کی ٹیم نے مطلوبہ 332 رنز کا ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر 48ویں اوور میں ہی حاصل کرکے پاکستان کو تین میچوں کی سیریز میں کلین سویپ کر دیا۔ جیمز ونس 102 اور لیوس گریگوری 77 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

پاکستان کی طرف سے حارث رئوف نے چار، شاداب خان نے دو اور حسن علی نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ جیمز ونس کو سنچری سکور کرنے پر میچ جبکہ انگلش فاسٹ بائولر ثاقب محمود کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔