وزیراعظم عمران خان نے بیرون ملک جائیدادیں نہیں بنائیں نہ کوئی محل خریدے ہیں، نہ کاروبار کیا ہے، ان کی سیاست پاکستان کے عوام کے ساتھ ہے، سینیٹر فیصل جاوید

45

اسلام آباد۔14جولائی (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بیرون ملک جائیدادیں نہیں بنائیں نہ کوئی محل خریدے ہیں، نہ کاروبار کیا ہے، ان کی سیاست پاکستان کے عوام کے ساتھ ہے، 22 سالہ جدوجہدکے بعد عوام نے انہیں وزیراعظم کے منصب پر بٹھایا ہے۔

بدھ کو ایوان بالامیں نکتہ اعتراض پر انہوں نے کہا کہ آج ایوان کے ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کی گئی، ملک میں محب وطن کون ہے اس کی تعریف کو سمجھنے کی ضرورت ہے،

وزیراعظم عمران خان نے ساری زندگی ملک کے لئے وقف کر دی ہے، وہ اگر اپنی ذات کاسوچتے تو انہیں سیاست میں آنے کی ضرورت ہی نہیں تھی، ملک کا احساس تھا اسلئے سیاست میں آئے ہیں،

انہوں نے کرکٹ سے جو کمائی کی وہ قانونی ذرائع سےملک میں لائے، غریبوں کے لئے کینسر ہسپتال بنایا، بائیس سال کی جدوجہد کےبعد عوام نے انہیں سرخرو کیا ہے اور وزیراعظم کے منصب پر بٹھایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے دوسرے لیڈروں کی طرح سرے محل اور ایون فیلڈفلیٹس نہیں بنائے جنہوں نے منی لانڈرنگ کر کے رقوم باہر منتقل کیں، پاکستان کےعوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ یہ کون لوگ ہیں، موجودہ حکومت کے احساس پروگرام اور دیگر منصوبے جو عوام کی فلاح و بہبود کے لئے حکومتی عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔