اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):وزیر دفاع پرویز خٹک سے جمہوریہ بلغاریہ کے وزیر دفاع جارجی پنیاتوف نے بدھ کو یہاں ملاقات کی ۔ اس موقع پر وزیر دفاع نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان بلغاریہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور ان کے درمیان قریبی ہم آہنگی اور تعاون باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں بشمول دفاع میں مزید فروغ چاہتا ہے۔
وزیر دفاع پرویز خٹک نے افغان مسئلے کا پرامن اور پائیدار حل تلاش کرنے کے لئے بین الاقوامی برادری پر زور دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہو ئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ دنیا افغان عوام کی مکمل حمایت اور یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہو۔
پاکستان اس بات پر زور دیتا ہے کہ تمام افغان دھڑوں کی نمائندگی کرنے والا ایک جامع سیاسی حل واحد قابل عمل آپشن ہے اور دنیا کو افغان عوام کو اس مقصد کے لئے کام کرنے کی ترغیب دینی چاہئے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان کی معاشی مصروفیات اور ترقیاتی حکمت عملی کا کوئی فوجی یا جارحانہ ڈیزائن نہیں ہے۔ پاکستان علاقائی اور عالمی امن کے فروغ کے لئے پرعزم ہے اور اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
بلغاریہ کے وزیر دفاع جارجی پنیاتوف نے امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلغاریہ اور پاکستان دونوں کو مل کر خطے میں امن اور سلامتی کے مشترکہ ہدف کے حصول کے لئے کام کرنا چاہئے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان جاری دفاعی تعاون پر مکمل اطمینان ،اپنی حکومت کی یقین دہانی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعاون کے کو مزید مضبوط بنانے کے لئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔