وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی کا ملک بھر کے ریلوے سٹیشنوں پرسہولت سینٹر بنانے کا اعلان

136

راولپنڈی۔3جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد اعظم خان سواتی نے ملک بھر کے ریلوے سٹیشنوں پرسہولت سینٹر بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہت جلد اپنے دفتر میں سیل بنا رہا ہوں جہاں سے ہر ٹرین مانیٹر ہوگی ۔وزیر اعظم سٹیزن پورٹل کی طرز پر 2ماہ میں ریلوے کا الگ پورٹل بنائیں گے۔ پاکستان ریلوے کو ٹھیکیداروں سے آزاد کرانا میرا مشن ہے ۔

ریلوے کے ساتھ سیاست سے بھی کالی بھیڑوں کا ستیاناس کرنا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شام راولپنڈی ریلوے سٹیشن پرہزارہ ایکسپریس ٹرین میں ایئر کنڈیشندسٹینڈرڈ کوچ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پروزیر صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر خیبر پختونخواہ سید احمد شاہ، جی ایم ریلوے نثار میمن،ڈویژنل سپرنٹندنٹ انعام اللہ مسعود،ڈی سی او ریلوے عثمان گجرسمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

وفاقی وزیر نے پاکستان ریلوے کے افسران اور مزدروں کو ہزارہ ایکسپریس کو ڈویلپ کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہزارہ ایکسپریس کا روٹ منافع بخش ہے،مستقبل میں ریلوے کا منافع بڑھے گا نقصان کم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم سٹیزن پورٹل کی طرز پر ریلوے کا بھی 2 ماہ میں پورٹل بنائیں گے۔ لاہور کے سٹیشن کو اپ گریڈ کرنے کے ساتھ قلیوں کو ٹھیکیداروں سے آزاد کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹھیکیداری نظام اب ریلوے میں نہیں چلنے دیں گے۔

قلی میری عزت ہیں نجی ٹی وی پر قلیوں پر پروگرام دیکھ کر تکلیف ہوئی انہوں نے سٹیشن ماسٹروں پر زور دیاکہ وہ دفتروں سے نکلیں انہوں نے ملک بھر کے ریلوے سٹیشنوں پرسہولت سینٹر بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بہت جلد اپنے دفتر میں سیل بنا رہا ہوں جہاں سے ہر ٹرین مانیٹر ہوگی جبکہ لوگوں کے لئے شکایتی پورٹل بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق پسماندہ علاقے میری ترجیح پر ہیں 230 نئی کوچز آرہی ہیں ۔ہزارہ کو ایک نیا ٹریک دوں گاہزارہ ریلوے سٹیشن کے دورے کے دوران پرویز خٹک بھی ساتھ ہونگے ۔

صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر خیبر پختونخوا سید احمد شاہ نے راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہزارہ ایکسپریس کو اچھا بنایا گیا ہے ایسی ٹرین گزشتہ 20سالوں میں نہیں دیکھی۔ اعظم سواتی ہمارا فخر ہیں۔ آنے والے وقت میں ریلوے سب سے زیادہ کما کر دے گاانہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں تعمیرات کے شعبہ کو کافی اوپر لایا گیاادارے ڈویلپ ہونگے تو مہنگائی کم ہوگی۔