اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 15 مارچ کو اسلامو فوبیا سے نمٹنے کا عالمی دن قراردے دیا ، قرارداد کی او آئی سی کے 57 اراکین سمیت چین اور روس و دیگر آٹھ ممالک نے حمایت کی

اقوام متحدہ۔15مارچ (اے پی پی):اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے منگل کو اتفاق رائے سے، اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی جانب سے پاکستان کی جانب سے پیش کی گئی ایک قرارداد کو منظور کر لیا ہے جس میں 15 مارچ کو اسلامو فوبیا سے نمٹنے کا عالمی دن منانے کا اعلان کیا گیا ہے، جس کا مقصد عالمی سطح پر رواداری اور امن کے کلچر کو فروغ دینا …

اقوام متحدہ۔15مارچ (اے پی پی):اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے منگل کو اتفاق رائے سے، اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی جانب سے پاکستان کی جانب سے پیش کی گئی ایک قرارداد کو منظور کر لیا ہے جس میں 15 مارچ کو اسلامو فوبیا سے نمٹنے کا عالمی دن منانے کا اعلان کیا گیا ہے، جس کا مقصد عالمی سطح پر رواداری اور امن کے کلچر کو فروغ دینا ہے۔ قرارداد کی او آئی سی کے 57 اراکین سمیت چین اور روس و دیگر آٹھ ممالک نے حمایت کی تھی۔

قرارداد میں مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر تشدد کی ایسی تمام کارروائیوں اور مذہبی عبادت گاہوں کے ساتھ ساتھ مقدس مقامات کے خلاف ہونے والے تمام حملوں کی سختی سے مذمت کی گئی ہے جو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے، سفیر منیر اکرم نے 193 رکنی اسمبلی کو بتایا کہ ” اسلامو فوبیا ایک حقیقت ہے” اور کہا کہ اس کا رجحان بڑھ رہا ہے جس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پہلے سربراہ ہیں جنہوں نے اقوام متحدہ میں 2019 کی جنرل اسمبلی سے اپنے تاریخی خطاب میں اسلامو فوبیا کا مسئلہ اٹھایا، اور اس سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی توجہ اور کوششوں کا بار بار مطالبہ کیا۔

آج کی قرارداد تمام رکن ممالک، اقوام متحدہ کی متعلقہ تنظیموں، دیگر بین الاقوامی اور علاقائی تنظیموں، سول سوسائٹی، پرائیویٹ سیکٹر اور عقیدے پر مبنی تنظیموں کو عالمی دن کو مناسب انداز میں منانے کی دعوت دیتی ہے۔ اتفاق رائے سے قرارداد کی منظوری کے بعد کئی رکن ممالک نے اس دستاویز کو سراہا لیکن ہندوستان، فرانس اور یورپی یونین کے نمائندوں نے تحفظات کا اظہار کیا، ہندوستانی سفیر ٹی ایس تریمورتی نے شکایت کی کہ قرارداد میں دیگر مذاہب کے علاوہ ہندو مخالف فوبیا کا احاطہ نہیں کیا گیا ہے۔ اپنے تعارفی کلمات میں، سفیر منیر اکرم نے کہا کہ اسلامو فوبیا کی شکل میں نفرت انگیز تقاریر، امتیازی سلوک اور مسلمانوں کے خلاف تشدد، دنیا کے کئی حصوں میں پھیل رہے ہیں۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ ”مسلمان افراد اور معاشروں کے ساتھ امتیازی سلوک، دشمنی اور تشدد کی ایسی کارروائیاں ان کے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہیں اور ان کے مذہب اور عقیدے کی آزادی کی خلاف ورزی ہیں اور اسلامی دنیا کے اندر بھی شدید غم و غصہ کا باعث ہیں۔ مذہب یا عقیدے کی آزادی کے بارے میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے کی رپورٹ کا ذکرکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "نائن الیون کے دہشت گردانہ حملوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال نے عدم اعتماد اورمسلمان مخالف منفی دقیانوسی تصورات کو جنم دیا اور یہ شکوک و شبہات پیدا کئے۔

سفیرمنیر اکرم نے کہا کہ ا سلامو فوبیا کا پھیلاؤ، رجحان کی رفتار اور رسائی دونوں لحاظ سے، ان دنوں خاص طور پر تشویشناک ہے، کیونکہ یہ نسل پرستی کی ایک نئی شکل کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے جس کی خصوصیت زینو فوبیا، مسلمانوں کی منفی پروفائلنگ اور دقیانوسی سوچ ہے۔ مسلمانوں کے خلاف آف لائن اور آن لائن دونوں طرح کے نفرت انگیز جرائم میں اضافہ، نیز تعلیم، شہریت، امیگریشن، ملازمت، ہاؤسنگ اور صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں امتیازی سلوک پوری طرح دستاویزی شکل میں موجود ہیں۔ اسلامو فوبیا کا صنفی پہلو بھی نمایاں ہو رہا ہے، خواتین کو ان کے لباس کے انداز اور عام خیال کی وجہ سے نشانہ بنایا جاتا ہے کہ مسلم خواتین مظلوم ہیں اور اس لیے انہیں ‘آزاد’ ہونا چاہیے۔

مختلف علمی مطالعات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ اسلامو فوبیا میڈیا اور انتہائی دائیں بازو کے گروہوں اور سیاسی جماعتوں اور گروہوں میں سب سے زیادہ نظر آتا ہے، جو اپنے فائدے کے لیے اسلام کی عمومی مخالفت کا نام استعمال کرکے استحصال کرتے ہیں اور اس پر استوار ہیں۔انہوں نے کہا کہ بعض ممالک میں امیگریشن اور پناہ گزینوں کے خلاف بیان بازی نے مسلم مخالف رویہ اختیار کر لیا ہے اور اکثر سیاسی مہمات کا مرکزی موضوع بن گیا ہے۔ سفیر نے اس بات پر شدید تشویش کا اظہار کیا کہ متعدد ذرائع ابلاغ اسلام اور مسلمانوں کے خلاف خوف اور منفی دقیانوسی تصورات کا پرچار کرتے رہے ہیں،

خاص طور پر مسلم مخالف بیان بازی کے وسیع پیمانے پر پھیلاؤ کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتے رہے، ان وسیع اثرات کے باوجود، اسلامو فوبیا کو بخوبی سمجھا جاتا ہے، اس مظاہر کی زیادہ سے زیادہ معلومات کو فروغ دینا اور انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کے لیے زیادہ سے زیادہ تفہیم اور مکمل احترام کے ذریعے حل کو فروغ دینا ضروری ہے۔ او آئی سی کے نقطہ نظر سے، سفیر نے کہا قرارداد کے مسودے میں درج ذیل مقاصد کو شامل کیا گیا کہ ،اسلامو فوبیا اور مسلم مخالف نفرت کے بڑھتے ہوئے رجحان کے بارے میں بین الاقوامی بیداری پیدا کرنا،

ایک واضح پیغام بھیجیں کہ دنیا ہر قسم کی نسل پرستی، نسلی امتیاز، زینو فوبیا، منفی دقیانوسی تصورات اور بدنامی کی نفی کی جائے۔ تمام مذاہب، نسلوں اور قوموں کے درمیان رواداری، پرامن بقائے باہمی اور بین المذاہب اور ثقافتی ہم آہنگی کے پیغام کو فروغ دینا،اس دن کو منا کر پوری انسانیت کے ساتھ بلا روک ٹوک یکجہتی کا مظاہرہ کرنا، انسانی وقار کے احترام کا ایک مضبوط پیغام دینا، اور ‘متنوع اتحاد’ کے لیے ہمارے مشترکہ عزم کا اعادہ کرنا۔ سفیر نے مزید کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد متحد ہونا ہے، تقسیم نہیں ۔