اسلام آباد۔20مارچ (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے جمہوریہ مصر کے وزیر خارجہ سامح حسن شکری نے وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی ۔ اتوار کو وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے او …
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے جمہوریہ مصر کے وزیر خارجہ سامح حسن شکری کی وزارتِ خارجہ میں ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔20مارچ (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے جمہوریہ مصر کے وزیر خارجہ سامح حسن شکری نے وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی ۔ اتوار کو وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 48 ویں اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستان تشریف آوری پر مصری وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس ایسے وقت پر منعقد ہو رہا ہے جب پاکستان اپنے قیام کی پچھترویں سالگرہ منانے جا رہا ہے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ مصر خطے کا ایک اہم برادر ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصری صدر عبدالفتاح السیسی کی قابل قیادت میں، مصر کا سیاسی استحکام اور سلامتی کی جانب سفر باعث مسرت ہے۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام مشترکہ عقیدے اور ثقافتی وابستگیوں کے بندھن میں بندھے ہوئے ہیں۔ دونوں برادر ممالک کے درمیان علاقائی اور بین الاقوامی امور کے حوالے سے نقطہ نظر میں ہم آہنگی طمانیت کا باعث ہے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ گذشتہ تین سالوں میں پاکستان اور مصر کی قیادت کے مابین اعلیٰ سطحی روابط میں اضافے سے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔
وزیر خارجہ نے مئی 2021 میں فلسطین میں جنگ بندی کیلئے کی جانے والی کاوشوں کے دوران مصر کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے دونوں برادر ممالک کے منتخب نمائندوں کے درمیان پارلیمانی روابط کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پارلیمنٹ میں پاکستان مصر دوستی گروپ ہمیشہ موجود رہا ہے۔ ہم مصری پارلیمنٹ میں بھی ایسے گروپ کے قیام کے منتظر ہیں۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مصر اور پاکستان کے درمیان گذشتہ مالی سال کے دوران 423 ملین ڈالر کی دو طرفہ تجارت ہوئی۔ دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور مصر کے درمیان دو طرفہ تجارت بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جون 2021 میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا دورہ مصر ہمارے دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے کی جانب ایک مثبت قدم تھا۔
انہوں نے کہا کہ مصر میں پاک مصر فضائی دفاعی مشقوں میں ہماری شرکت ہمارے مضبوط دفاعی تعلقات کی مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ ثقافتی تعاون ہمارے دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ اس سلسلے میں ہم ثقافتی شعبے میں تعاون کو بڑھانے کے لیے مصر کی جانب سے ٹھوس تجاویز کا خیرمقدم کریں گے۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم صدر عبدالفتاح السیسی کے جلد دورہ پاکستان کے متمنی ہیں۔مصر کے وزیر خارجہ سامح حسن شکری نے پرتپاک خیر مقدم اور پر خلوص میزبانی پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔








