چیئرمین نادرا کی دادو کے نواحی گاوٴں میں آتشزدگی کے متاثرین کو بلامعاوضہ شناختی کارڈ بنا کر دینے کی ہدایت

106
Nadra
Nadra

اسلام آباد۔25اپریل (اے پی پی):چیئرمین نادرا طارق ملک نے ڈپٹی کمشنر دادو اور ڈی جی نادرا سکھر سے رابطہ کرتے ہوئے کہا کہ نادرا متاثرین کو فوری شناختی کارڈ بنانے میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔ پیر کو نادرا کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق میہڑ، دادو کے نواحی گاوٴں میں لگنے والی آگ سے متاثرین کو شناختی کارڈ کے حوالے سے درپیش مسائل پر چیئرمین نادرا طارق ملک نے خصوصی اقدامات اٹھا تے ہوئے کہا کہ نادرا متاثرین کو فوری شناختی کارڈ بنانے میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔ چیئرمین نادرا نے کہاکہ تمام متاثرین کو فوری بلا معاوضہ شناختی کارڈ بنا کے دیئے جائیں گے،

چیئرمین نادرا نے ڈائریکٹر جنرل نادرا سکھر کواحکامات جاری کر دیئے،آگ سے متاثرین کو وزیراعظم کی طرف سے مالی امداد کے چیک دیئے گئے،متاثرین کے شناختی کارڈ جلنے اور بینک اکاوٴنٹ نہ ہونے کی وجہ سے چیک کیش کرانے میں مشکلات کا سامناہے۔چیئرمین نادرا نے ڈی جی سکھر کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ متاثرہ گاوٴں میں فوری موبائل وینز بھیجی جائیں اور انگھوٹوں کے نشانات لے کر شناختی کارڈ بنائے جائیں۔

چیئرمین نادرا نے ڈپٹی کمشنر دادو سے فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ تمام متاثرین کو فوری بلا معاوضہ شناختی کاڈ بنا کے دیئے جائیں گے اور عید سے پہلے شناختی کارڈ متاثرین کو ان کے حوالے کرنے کو یقینی بنایا جائے گا۔ ڈی سی دادو نے اس حوالے سے چیئرمین نادرا کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔