اسلام آباد۔2مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ابوظہبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات (یو۔اے۔ای) کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زاید آل نھیان سے ابوظبی میں ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کابینہ کے کلیدی ارکان اور اعلی حکام بھی ملاقات کے دوران وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ ولی عہد نے محمد شہبازشریف کو وزیراعظم پاکستان کا منصب سنبھالنے …
وزیراعظم محمد شہبازشریف کی ابوظبی کے ولی عہد سے ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔2مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ابوظہبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات (یو۔اے۔ای) کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زاید آل نھیان سے ابوظبی میں ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کابینہ کے کلیدی ارکان اور اعلی حکام بھی ملاقات کے دوران وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
ولی عہد نے محمد شہبازشریف کو وزیراعظم پاکستان کا منصب سنبھالنے پر مبارک پیش کی اور ان ذمہ داریوں میں عظیم کامیابی کے لئے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان کے عوام کی ترقی اور خوش حالی کے لئے خیرسگالی اور نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔دونوں راہنماوں نے متعد دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی مشاورت کی۔ وزیراعظم نے ’یو۔اے۔
ای‘ کے بانی اور پہلے صدر شیخ زاید بن سلطان آل نھیان کی بصیرت افروز قیادت اور پاکستان اور ’یو۔اے۔ای‘ کی دوستی کی مضبوط بنیاد قائم کرنے کی کاوشوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے مرحوم شیخ زاید بن سلطان آل نھیان کی بصیرت کی روشن میں دونوں ممالک کے باہمی مفاد میں تعلقات کو مزید پختہ اور مضبوط بنانے کے اپنی حکومت کے عزم کا اظہار کیا۔ ’یو۔اے۔ای‘ کی تاریخ ساز ترقی اور تیز ترین اولین 50 سال کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے ’یو۔اے۔ای‘ کی قیادت اور عوام کو مبارک پیش کی اور آنے والی دہائیوں میں مزید کامیابیوں اور کامرانیوں کے لئے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے دوبئی عالمی نمائش 2020 کے کامیاب انعقاد پر ’یو۔اے۔ای‘ کی قیادت اور نمائش منعقد کرنے والی ٹیم کو مبارک دی جو بھرپور اور شاندار کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے دوطرفہ سطح اور عالمی فورمز پر پاکستان کی دیرینہ اور بھرپور حمایت پر ’یو۔اے۔ای‘ کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے خاص طور پر ’یو۔اے۔ای‘، پاکستان اعانت پروگرام کے تحت پاکستان میں انسانی خدمت وفلاح کے منصوبہ جات شروع کرنے اور کورونا وائرس کی عالمی وباکے دوران ’یو۔اے۔ای‘ کی طرف سے فراہم کردہ کلیدی امداد کی تحسین کی۔
انہوں نے 1.7 ملین پاکستانیوں کی عزت ووقار کے ساتھ میزبانی کرنے پر ’یو۔اے۔ای‘ کا شکریہ ادا کیا جو پاکستان اور ’یو۔اے۔ای‘ کے درمیان نہ صرف پُل کا کردار ادا کررہے ہیں بلکہ پاکستان کا فخر بھی ہیں۔ شیخ محمد زاید آل نھیان کے پوری دنیا سے پولیو ختم کرنے کے نیک اقدام کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے اس موذی مرض کے خاتمے کے لئے عالمی کوششوں کی بھرپور حمایت میں متحدہ عرب امارات کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔
مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کا جائزہ لیتے ہوئے دونوں راہنماوں نے سرمایہ کاری، معاشی ترقی، توانائی، ڈھانچے اور زراعت کے شعبوں میں شراکت داریاں تشکیل دینے اور تعاون تیز کرنے پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے تجارت اور معاشی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کیا۔ ولی عہد نے دنوں ممالک کی آنے والی نسلوں کے مفاد میں قریبی دوطرفہ برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے موثر کاوشیں کرنے سے متعلق وزیراعظم کو یقین دلایا۔
انہوں نے ’یو۔اے۔ای‘ میں رہائش پزیر پاکستانیوں کی جانب سے ’یو۔اے۔ای‘ کی تعمیر وترقی میں تعمیری کردار کا اعتراف کرتے ہوئے اس کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستانی اُس وقت یہاں تھے جب دوسرے باشندوں کی یہاں محدود موجودگی اور کاوشیں تھیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور ’یو۔اے۔ای‘ ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور مستقبل میں بھی ایک دوسرے کی مدد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے عوامی فلاح کے لئے دونوں برادر اقوام کے درمیان رابطوں کی مضبوطی کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں راہنماوں نے علاقائی اور عالمی اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کیا،
باہمی مفاد کے تمام امور اور اقوام متحدہ، ’او۔آئی۔سی‘ سمیت کثیرالقومی فورمز پر اشتراک عمل سے موقف اختیار کرنے کے لئے مستقل رابطہ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیاگیا۔ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان باہمی اعتماد، ہم آہنگی اور قریبی تعاون پر مبنی تاریخی دیرینہ برادرانہ تعلقات استوار ہیں۔ رواں ماہ وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعظم محمد شہبازشریف کا متحدہ عرب امارات کا یہ پہلا دورہ تھا۔








