اسلام آباد۔3جون (اے پی پی):وزیر مملکت برائے خزانہ ومحصولات ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے جمعہ کویہاں کنٹری نمائندہ شرمیلا رسول کی سربراہی میں یو این ویمن کے ایک وفد سے ملاقات کی۔ ایشین کیپیٹل مارکیٹ ایکسپرٹ مسٹر نوبیوکا امامورا اور فنانس ڈویژن کے دیگر سینئر افسران بھی اس موقع پرموجود تھے ۔
یو این ویمن کی مندوب نے پاکستان میں خواتین کیلئے اقوام متحدہ کی تنظیم کے 5 سالہ منصوبے کا مختصر جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اقوام متحدہ کی خواتین کی تنظیم پاکستان میں مختلف شعبوں میں خواتین کو بااختیار بنانے اور صنفی مساوات کو فروغ دینے کے لیے متعدد سطحوں پر کام کر رہی ہے۔
پاکستان میں لڑکیوں اور خواتین کے لیے ان کی مکمل صلاحیتوں کے ادراک کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے ضمن میں پاکستان میں مختلف اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے متعدد صنفی منصوبے اور پالیسیاں تیار کی گئی ہیں۔ملاقات میں پاکستان میں خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اور بتایا گیا کہ یو این ویمن اس بات پر کام کر رہی ہے کہ کس طرح پاکستان میں خواتین کو مالیاتی اور کیپٹل مارکیٹوں خصوصاً ایس ایم ایز تک زیادہ رسائی دی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ یو این ویمن پاکستان میں خواتین کی صورتحال پر ایک رپورٹ مرتب کر رہی ہے جو اس سال کے آخر تک تیار ہو جائے گی۔
وزیر مملکت برائے خزانہ ومحصولات نے پاکستان میں اقوام متحدہ کی خواتین کی تنظیم کے کردار کو سراہا ۔انہوں نے یو این ویمن کوحکومت کی ہر ممکن حمایت اور تعاون کا یقین بھی دلایا۔