مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں عالمی برادری کے لیے لمحہ فکریہ ہیں، حنیف عباسی

وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 27 اکتوبر کشمیر کی تاریخ کا وہ سیاہ ترین دن ہے جب بھارت نے فوجی طاقت کے بل بوتے پر کشمیری سرزمین پر ناجائز قبضہ جمایا

اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 27 اکتوبر کشمیر کی تاریخ کا وہ سیاہ ترین دن ہے جب بھارت نے فوجی طاقت کے بل بوتے پر کشمیری سرزمین پر ناجائز قبضہ جمایا۔ وزارت ریلوے سے جاری بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ دہائیاں گزرنے کے باوجود بھارت کا جبر کشمیریوں کے جذبۂ آزادی کو ختم نہیں کر سکا، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں عالمی برادری کے لیے لمحہ فکریہ ہیں، جہاں نہ عوام کی جان و مال محفوظ ہے اور نہ بنیادی حقوق۔

انہوں نے زور دیا کہ مسئلہ کشمیر زمین کا تنازع نہیں بلکہ لاکھوں کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کا معاملہ ہے، جس کی بنیاد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادیں فراہم کرتی ہیں۔ کشمیری عوام کی مرضی کے بغیر کوئی بھی اقدام اس کا متبادل نہیں بن سکتا۔ انہوں نے عزم دہرایا کہ پاکستان ہر عالمی فورم پر کشمیریوں کے جائز حق کی غیر مشروط حمایت جاری رکھے گا اور پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہے گا۔

 

مزید خبریں