وزارت اطلاعات و نشریات کا نیشنل امیچور شارٹ فلم فیسٹیول کی سکالرشپس حاصل کرنے والے کامیاب نوجوانوں کے اعزاز میں ظہرانہ

153

اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے نیشنل امیچور شارٹ فلم فیسٹیول (NASFF-21) کی سکالرشپس حاصل کرنے والے کامیاب نوجوانوں کے اعزاز میں ظہرانہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کا مقصد نیشنل امیچور شارٹ فلم فیسٹیول کی سکالرشپس جیتنے والے نوجوانوں کی عالمی شہرت یافتہ فلم انسٹی ٹیوٹ نیویارک فلم اکیڈمی، آسٹریلیا میں تعلیم حاصل کرنے کے لئے روانگی سے قبل کامیابی کو منانا تھا۔

وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد، ڈائریکٹر جنرل ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز (ڈی ای ایم پی) عمرانہ وزیر، ایڈیشنل سیکرٹری مبشر توقیر، ڈائریکٹر (ڈی ای ایم پی) آصف الرحمان، آئی ایس پی آر کے افسران بریگیڈیئر عمران نقوی اور میجر احمد بٹ نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر نیشنل امیچور شارٹ فلم فیسٹیول سکالرشپس حاصل کرنے والے حمزہ بن افتخار، عقیدہ چشتی، روح اللہ کشفی، شاہ زیب علی، ثقلین عباس، حذیفہ احمد، مریم نقوی، وشال کدوانی، عرفان نور بخش اور حارث لطیف موجود تھے۔ اس موقع پر ایفنیٹی سے صبا چوہان، میثم رضا اور محمد یاسر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات نے نیشنل امیچور شارٹ فلم فیسٹیول (NASFF-21) کے سکالرشپس حاصل کر نے والے نوجوانوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں میں بڑی صلاحیت موجود ہے۔

نیشنل امیچور شارٹ فلم فیسٹیول نوجوانوں کو میڈیا سائنسز اور فلم سازی کے میدان میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل امیچور شارٹ فلم فیسٹیول پلیٹ فارم پاکستان کے نوجوانوں کے لیے اس شعبے میں اپنا کیرئیر بنانے کا بہترین موقع ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تخلیقی صلاحیتوں اور مہارتوں کے اظہار کے لیے ایسے ایونٹس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ انہوں نے NASFF-21 سکالرشپس حاصل کرنے والوں سے مزید کہا کہ وہ پاکستان کے نوجوانوں کے لیے ایک مثال ہیں جو میڈیا سائنسز اور فلم سازی کے شعبے میں اپنا کیریئر بنانا چاہتے ہیں۔ اس موقع پر آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر (پروڈکشنز) بریگیڈیئر عمران نقوی نے خطاب کرتے ہوئے نیو یارک فلم اکیڈمی، آسٹریلیا میں ایک سالہ ڈپلومہ کی سکالرشپ حاصل کرنے والوں کو مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ یہ ان کے لیے ایک بہترین موقع ہے اور انہیں اس سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا چاہیے۔ اپنے ڈپلومہ کی تکمیل کے بعد وہ پاکستان کی خدمت کے لیے واپس لوٹیں گے اور اندرون و بیرون ملک ملک کا مثبت تشخص پیش کریں گے۔ انہوں نے اسکالرشپ کی سپانسر شپ اور نوجوان طلباء کی صلاحیتوں پر اعتماد کرنے پر ایفنیٹی (Afiniti) کے نمائندوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔