اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):پاکستان اور مشرق وسطی ومغربی ایشیاکے ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں گزشتہ مالی سال کے دوران نمایاں اضافہ ہوا ہے، مالی سال 2022 کے پہلے 11 ماہ میں مغربی ایشیا کے ممالک کوپاکستان کی برآمدات میں 15.76 فیصد اوران ممالک سے درآمدات میں 48.13 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق گزشتہ مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں مشرق وسطیٰ اورمغربی ایشیاکے ممالک سعودی عرب، بحرین، کویت ،اردن ترکی اورخطہ کے دیگرممالک کو کوپاکستانی برآمدات کاحجم 3.060 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاجو پیوستہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 15.76 فیصدزیادہ ہے،مالی سال 2021 کی اسی مدت میں ان ممالک کوپاکستان کی مجموعی برآمدات کاحجم2.644 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔
مئی میں مشرق وسطیٰ اورمغربی ایشیاکے ممالک کوپاکستانی برآمدات کاحجم 264.36 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاجو اپریل میں 345.93 ملین ڈالر اورگزشتہ سال مئی میں 233.04 ملین ڈالرتھا،مالی سال 2021 میں خطہ کے ممالک کوبرآمدات سے ملک کو2.923 ارب ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا۔ اعدادوشمارکے مطابق گزشتہ مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں مشرق وسطیٰ اورمغربی ایشیاکے ممالک سے درآمدات میں پیوستہ مالی سال کے مقابلہ میں 48.13 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔
مالی سال 2022 کے پہلے 11 ماہ میں مشرق وسطیٰ اورمغربی ایشیاکے ممالک سے درآمدات کاحجم 17.71 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جوپیوستہ مالی سال کے مقابلہ میں 48.13 فیصدزیادہ ہے، مالی سال 2021 کے پہلے 11 ماہ میں مشرق وسطیٰ اورمغربی ایشیاکے ممالک سے 11.95 ارب ڈالرکی درآمدات ریکارڈکی گئی تھیں۔
مئی 2022 میں خطہ کے ممالک سے 1.576 ارب ڈالرکی درآمدات ریکارڈکی گئی جواپریل میں 2.10ارب ڈالر اورگزشتہ سال مئی میں 1.161 ارب ڈالرتھیں،مالی سال 2021 میں مشرق وسطیٰ اورمغربی ایشیا کے ممالک سے 13.55 ارب ڈالرکی درآمدات ریکارڈکی گئی تھیں۔