ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی کا آئی پی یو ایشیا پیسیفک سیمینار کے پلینری سیشن سے خطاب

221

اسلام آباد۔13ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی اور رکن قومی اسمبلی شیزہ فاطمہ خواجہ نے آئی پی یو ایشیا پیسیفک ممبر ممالک کے پارلیمان کے تیسرے دو روزہ علاقائی سیمینار سے خطاب میں بےروزگاری کے خاتمے کے لئے نوجوانوں کو تربیت دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

منگل کو سیمینار کے پلینری سیشن سے خطاب کرتے ہوئے زاہد اکرم درانی کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ دنیا بھر میں ایسے مقاصد کے حصول میں قانونی اور باہمی تعاون میں مدد کرتی ہیں، تعلیمی معیار لیبر مارکیٹ کے مطابق ہونا چاہیے۔آئی پی یو ایشیا پیسیفک ممبر ممالک کے پارلیمان کا تیسرا دو روزہ علاقائی سیمینار ایم این اے شیزہ فاطمہ خواجہ کی زیر صدارت ہوا۔ شیزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ معاشرے کی تربیت ، بےروزگاری کے پہلوئوں سے متعلق نوجوانوں کو آگاہی دینا وقت کی ضرورت ہے ۔

ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نےکہا کہ ملک کی معاشی حالت کو بہتر انداز میں چلانے کے لیے نوجوان کی تربیت کرنا ہو گی ، حکومت نوجوانوں کو بہترین اور معیاری تعلیم فراہم کرنے میں اہم کردارادا کررہی ہے، ایشیا پیسیفک میں تقریبا ہر ملک میں بنیادی خونداگی کی شرح تسلی بخش ہے، کچھ ملک آج بھی اعلی اور مساوی تعلیمی مواقع فراہم کرنے سے قاصر ہیں،2030 ایجنڈا میں نئی نسل کو معیاری تعلیم اور مناسب روزگار کے مواقع کی فراہمی سر فہرست ہے، پارلیمنٹ دنیا بھر میں ایسے مقاصد کے حصول میں قانونی اور باہمی تعاون میں مدد کرتی ہیں۔

ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی کا مزید کہنا تھا کہ تعلیمی معیار لیبر مارکیٹ کے مطابق ہونا چاہیے، علاقائی پارلیمانی ادارے مل کر معیاری تعلیم، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور ٹیکنالوجی کے لیے کام کریں۔