سستی بجلی پیداکرنے کے لئے ملکی وسائل پر انحصار کرنا ہوگا،وفاقی وزیر بجلی خرم دستگیر خان

201

اسلام آباد۔14ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر بجلی خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ ملک میں توانائی کے شعبےمیں نئے دور کاآغاز ہورہا ہے ، سستی بجلی پیداکرنے کے لئے ملکی وسائل پر انحصار کرنا ہوگا، سولر ونڈ ، نیوکلیئر اور تھر کول سے بجلی کی پیداوار حاصل ہونے سے توانائی اور ماحولیاتی تحفظ کامقصد حاصل کر سکیں گے۔

بدھ کو یہاں سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خرم دستگیر خان نے کہا کہ ملک کو اس وقت انرجی سکیورٹی اور صارفین کے لئے سستی بجلی کی ضرورت ہے۔ رواں سال گرمیوں میں بجلی کامسئلہ رہا ہے لیکن اب ملکی وسائل پر انحصار کرکے سستی بجلی کی پیداوار پر توجہ دی جارہی ہے۔ شمسی توانائی ، ہوا ،نیوکلیئر اور تھر کول جیسے ملکی وسائل پر انحصار کر کے سستی بجلی پیدا کی جاسکتی ہے۔

ہم عوام کو سستی وافر اور پائیدار بجلی کی فراہمی کے لئے اقدامات کررہے ہیں اور ایسی توانائی کی فراہمی یقینی بنانا چاہتے ہیں جس میں ادائیگیوں کے توازن کا بحران پیدانہ ہو اور معیشت بھی ترقی کرے۔ انہوں نے کہاکہ توانائی کے شعبہ میں شمسی توانائی کے منصوبے ایک نئے دور کاآغازہیں۔ ان کے ذریعے سستی بجلی کی پیداوار کی بنیاد رکھی جارہی ہے۔ ملک میں سستی بجلی ، انرجی سکیورٹی اور ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔