27.7 C
Islamabad
اتوار, مئی 11, 2025
ہومقومی خبریںسپیکر قومی اسمبلی سے برطانوی ہائوس آف کامنز میں ڈپٹی لیڈر آف...

سپیکر قومی اسمبلی سے برطانوی ہائوس آف کامنز میں ڈپٹی لیڈر آف اپوزیشن اور لیبر پارٹی کی ڈپٹی لیڈر انجیلا رینر اور ہائوس آف لارڈز برطانیہ کے رکن لارڈ واجد خان کی ملاقات

- Advertisement -

اسلام آباد۔3اکتوبر (اے پی پی):برطانوی ہائوس آف کامنز میں ڈپٹی لیڈر آف اپوزیشن اور لیبر پارٹی کی ڈپٹی لیڈر انجیلا رینر اور ہائوس آف لارڈز برطانیہ کے رکن لارڈ واجد خان نے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے پیر کو ملاقات کی۔ جس میں پارلیمانی روابط اور پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کے حوالے سے تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔

سپیکر نے پاک برطانیہ برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ پاکستان کا اہم دوست اور شراکت دار ہے۔ انہوں نے برطانیہ کی معیشت اور سیاست میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تعلقات کو مستحکم کرنے میں ان کا اہم کردار ہے۔سپیکر نے ملک میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں نے پاکستان پر منفی اثرات مرتب کئے ، ہیں جبکہ عالمی کاربن کے اخراج میں پاکستان کا حصہ 1 فیصد سے بھی کم ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی حالت زار کو اجاگر کرنے کے لیے روانڈا میں 11-15 اکتوبر 2022 کو ہونے والی آئی پی یو کانفرنس میں ہنگامی قرارداد پیش کرنے کے لیے قومی اسمبلی کے اقدام کے بارے میں بھی مہمانوں کو آگاہ کیا۔ سپیکر نے ترقی پذیر ممالک بالخصوص پاکستان کے لیے عالمی موسمیاتی فنڈ کے قیام کے لیے قومی اسمبلی کے مطالبہ کی حمایت کے لیے برطانیہ کی پارلیمنٹ اور اس کی حکومت کی حمایت طلب کی ۔

لیبر پارٹی کے ڈپٹی لیڈر انجیلا رینر کا کہنا تھا کہ برطانیہ پاکستانی عوام کو نہیں بھولا اور وہ پاکستان میں سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کرے گا۔ انہوں نے مشترکہ مفادات کے شعبوں میں باہمی روابط کو مضبوط بنانے اور تعاون کو وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا۔ انہوں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ پارلیمانی رابطوں اور تعاون سے پاک برطانیہ دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔ برطانوی ہائوس آف لارڈ کے رکن لارڈ واجد نے پاکستان کو مزید سرسبز و شاداب بنانے اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو کے حوالے سے تعاون کرنے کے عزم کا اظہار کیا ۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=330595

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں