اسلام آباد۔4اکتوبر (اے پی پی):پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان کے عالم عرب اور عالم اسلام سے تعلقات انتہائی مضبوط ہیں، رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسٰی کی پاکستان آمد پاک سعودی عرب تعلقات اور پاکستان کے ساتھ عالم اسلام کے اکابر، علماء اور مشائخ کی محبت کا اظہار ہے۔
رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ملک کی اہم مذہبی و سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں اور عالمی سیرت کانفرنس میں شرکت کریں گے، رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل لاہور بھی جائیں گے، پاکستانی قوم کی طرف سے رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسٰی کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ پاکستان کے عظیم دوست ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیٰسی کی پاکستان آمد خوشی او رمسرت کا سبب ہے۔ یہ بات چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ رابطہ عالم اسلامی کے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ پاکستان تشریف لا رہے ہیں، ان کا یہ دورہ سعودی عرب کے فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ان کے ولی عہدشہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایات پر اور پاکستان کی وزارت مذہبی امور کی دعوت پر ہے۔
رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل پاکستان میں سیلاب کی صورتحال اور اس حوالے سے رابطہ عالم اسلامی کی طرف سے امدادی سرگرمیوں کے حوالہ سے اہم اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا عالم اسلام میں ایک ممتاز مقام ہے، ربیع الاول کے مہینے میں اس وقت جبکہ پوری دنیا میں رسول اکرمﷺ ۖ کی ولادت کے حوالے سے ایام منائے جا رہے ہیں، پاکستان میں ماہ رحمة للعالمینۖ پیغام رحمة للعالمینۖ کے عنوان سے منایا جا رہا ہے۔
رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل دو روزہ عالمی سیرت کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے، وہ اہم مذہبی و سیاسی شخصیات سے ملاقات کریں گے۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ کی بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے خدمات قابل قدر ہیں، پوری دنیا کے اندر اسلامو فوبیا کے خاتمے اور عالم اسلام کے مسائل کے حوالے سے ان کا کردار قابل تحسین ہے۔