اسلام آباد۔8اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ عمران خان نے سیاست میں منفی رحجانات اور منافرت کو پروان چڑھایا، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچایا، میرا پہلا ہدف اقتصادی زوال کو روکنا ہے،معاشی استحکام اور پالیسیوں کے تسلسل کیلئے میثاق معیشت وقت کی ضرورت ہے۔
ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈالر کی نسبت پاکستانی روپیہ مضبوط ہورہا ہے اور ڈالر 200 سے نیچے آئے گا کیونکہ یہ اس کی حقیقی قدر نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پاس پالیسی اور تجربہ نہیں تھا،عمران خان نے اقتدار میں آتے ہی انتقامی سیاست شروع کی، اگر یہ انتقامی سیاست کے بجائے پرانی پالیسیوں کو ہی فالو کرتے تو معاشی حالت اتنی خراب نہ ہوتی، میرا پہلا ہدف اقتصادی زوال کو روکنا ہے اور پھر ان اصطلاحات کو تبدیل کرنا ہے کیونکہ یہ سب ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ ماضی قریب میں پاکستانی روپے کے ساتھ ہیرا پھیری ہوئی ،اس کھیل میں بعض ادارے ، بینک اور انفرادی شخصیات شامل تھیں،ان لوگوں نے محض چند ارب روپے کمانے کی خاطر ملکی معیشت کو نقصان پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت ملک کے پسے ہوئے طبقے کے لوگوں کی مدد کیلئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے،، موجودہ حکومت بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی)کے ذریعے سیلاب متاثرین کیلئے مختص 50 ارب روپے کی کل رقم میں سے تقریباً 92فیصدتقسیم کر چکی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر خزانہ نے کہا کہ بجلی کی قیمتیں کم کرنے کی تجویز زیر غور ہے لیکن یہ فوری طور پر ممکن نہیں ہے۔ دھرنے سے متعلق ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کی دھرنے کی کال کو سنجیدہ نہیں لیتے،عمران خان دھرنے کا شوق پورا کر لیں، دھرنے کیلئے جگہ مخصوص ہے، انتخابات اگلے سال اکتوبر میں ہوں گے اور اس حوالے سے جو بھی فیصلہ ہو گا وہ پی ڈی ایم کا مشترکہ فیصلہ ہو گا۔