وزیر اعظم محمدشہباز شریف کی کسان پیکج کے تحت کسانوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت

وزیر اعظم محمدشہباز شریف کی کسان پیکج کے تحت کسانوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت

اسلام آباد۔8اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمدشہباز شریف نے کسان پیکج کے تحت کسانوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے یہ ہدایات ہفتہ کو لاہور میں کسان پیکج کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کی صدارت کے دوران دیں ۔

اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ گندم کی امدادی قیمت کے حوالہ سے فیصلہ اقتصادی رابطہ کمیٹی اور وفاقی کابینہ کے اجلاس میں زیر بحث لایا جائے گا۔وزیر اعظم نے خورنی تیل کے بیج کی اضافی پیداور کے لئے سبسڈی پیکج دینے کی بھی ہدایت کی ۔

اجلاس میں کسان پیکج کے حوالے سے ممکنہ فیصلوں کے لئے اعلیٰ سطح پر کمیٹی بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم نے کسانوں کو کھاد اور بجلی کی قیمتوں سے متعلق درپیش مسائل کے حل کے لئے صوبوں کے ساتھ مشاورت سے سبسڈی پیکج جلد از جلد تشکیل دینے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ وتحقیق طارق بشیر چیمہ، مشیر وزیر اعظم احد چیمہ اور متعلقہ سرکاری افسران نے شرکت کی جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ بذریعہ وڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے