اٹلی اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تجارتی حجم 4ارب یورو تک بڑھایا جا سکتا ہے، میاں کاشف اشفاق

لاہور۔30اکتوبر (اے پی پی):نجی شعبے کی موجودہ صلاحیت سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کرکے پاکستان اور اٹلی کے درمیان دوطرفہ تجارت کو 4ارب یورو سالانہ تک بڑھایا جا سکتا ہے۔ اتوار کویہاں اٹلی کے شہر میلانو میں اعزازی سرمایہ کاری قونصلر محمد شہریار خان سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ پاکستان میں اٹلی کے سفیر آندریاس فیریریز دوطرفہ تجارتی …

لاہور۔30اکتوبر (اے پی پی):نجی شعبے کی موجودہ صلاحیت سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کرکے پاکستان اور اٹلی کے درمیان دوطرفہ تجارت کو 4ارب یورو سالانہ تک بڑھایا جا سکتا ہے۔ اتوار کویہاں اٹلی کے شہر میلانو میں اعزازی سرمایہ کاری قونصلر محمد شہریار خان سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ پاکستان میں اٹلی کے سفیر آندریاس فیریریز دوطرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے اور نجی شعبوں کے درمیان قریبی رابطوں کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سال تجارت میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور یہ تقریبا 2ارب یورو تک پہنچ سکتی ہے جبکہ 2021میں یہ حجم 1.52ارب یورو ریکارڈ کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کی برآمدات ایک ارب یورو سے تجاوز کر گئی ہیں اور یہ حجم اٹلی سے درآمدات سے زیادہ ہے جس سے اٹلی یورپی منڈی میں دوسرا بڑا برآمدی مقام بن گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 4 ارب یورو کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے دونوں ممالک کو انفارمیشن اور قابل تجدید ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ 10 سال کے دوران اٹلی میں پاکستانیوں کی تعداد 25 ہزار سے بڑھ کر 2 لاکھ تک پہنچ گئی ہے اور انتہائی محنتی ہونے کی وجہ سے انہیں اٹلی کے عوام نے خوشدلی سے قبول کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان سیاسی، اقتصادی، ثقافتی اور سماجی شعبوں میں خوشگوار تعلقات اور تعاون کی ایک طویل تاریخ ہے۔ محمد شہریار خان جو اٹلی میں اعزازی سیاحتی سفیر بھی ہیں نے کہا کہ تقریبا 220 ملین کی آبادی اور اعلی درجے کی مصنوعات کی مسلسل بڑھتی ہوئی طلب کی وجہ سے پاکستان اور اطالوی صنعتکاروں وتاجر برادری کے لیے ایک پرکشش مارکیٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اٹلی میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر کا حجم 711.7ملین ڈالر تک پہنچ چکا ہے اس لحاظ سے اٹلی عالمی سطح پر ترسیلات زر کے حوالے سے یورپی یونین میں سرفہرست ہے۔